پاکستانی اداکارہ بشریٰ بی بی کا روپ دھارنے پرتنقید کا شکار

Nov 01, 2022 | 12:41:PM
فائل فوٹو
کیپشن: بشریٰ بی بی جیسا روپ دھارنے پر اریبہ حبیب کو تنقید کا سامنا
سورس: گو گل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک )اداکارہ اریبہ حبیب کو مغربی تہوار ہالووین کے موقع پر سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی جیسا روپ دھارنے پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ہالووین کے تہوار پر لوگ بھوتوں اور چڑیلوں جیسا روپ دھار کر ایک دوسرے کو ڈراتے ہیں، اس تہوار کو جدید تاریخ میں منانے کا آغاز امریکا سے 1920 سے ہوا تھا۔اکتیس اکتوبر کو منایا جانے والا مغربی تہوار ہالووین اب آہستہ آہستہ مشرقی ممالک میں بھی منایا جانے لگا ہے ۔ہالووین تہوار کی جڑیں ہمیں یورپ سے ملتی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ہالووین کا تہوار اکتوبر کے آخر میں منایا جاتا ہے اور  پاکستان کی شوبز شخصیات بھی اس تہوار کو مناتی دکھائی دیتی ہیں۔اریبہ حبیب نے بھی دیگر شوبز و فیشن انڈسٹری کی شخصیات کے ہمراہ ہالووین کا تہوار منایا اور انہوں نے ڈراؤنا میک اپ کرنے کے بجائے بشریٰ بی بی جیسا لباس پہنا، جس پر لوگوں نے انہیں آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ان پر اسلامی لباس اور پردہ دار خاتون کا مذاق اڑانے کا الزام لگایا۔

اریبہ حبیب نے بشریٰ بی بی جیسے لباس پہننے اور ان جیسا فیشن کرنے کے بعد کچھوائی گئی تصاویر انسٹاگرام اسٹوریز میں شیئر کیں جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئیں اور لوگوں نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا۔تصاویر میں اریبہ حبیب کو بلکل بشریٰ بی بی جیسے لباس اور فیشن میں دیکھا جا سکتا ہے، ان کی تصاویر دیکھنے سے ہی گمان ہوتا ہے کہ وہ بشریٰ بی بی ہیں۔ایک تصویر انہوں نے یاور اقبال کے ساتھ بھی شیئر کی، جس میں وہ ان کے بہت قریب دکھائی دیے۔

دونوں کی تصاویر کو صارفین نے سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے اریبہ حبیب کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ان پر مذہبی لباس اور مذہبی شخص کا مذاق اڑانے کا الزام بھی لگایا۔لوگوں نے اریبہ حبیب پر تنقید کرتے ہوئے انہیں شرم دلانے کی کوشش کی کہ انہوں نے باپردہ اور معزز خاتون کے لباس کا مغربی اور شیطانی دن پر مذاق اڑایا۔بعض لوگوں نے اریبہ حبیب اور یاور اقبال کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہیں بد دعائیں بھی دیں۔

لوگوں کی تنقید کے بعد اریبہ حبیب نے انسٹاگرام اسٹوری میں بشریٰ بی بی جیسا لباس پہننے پر معذرت بھی کی اور بتایا کہ وہ نہ صرف اپنے مذہب کی بے انتہا عزت کرتی ہیں بلکہ انہیں بشریٰ بی بی کا لباس بھی بے حد پسند ہے اور انہوں نے ان سے اظہار محبت کی خاطر ہی ایسا لباس پہنا۔

انہوں نے لوگوں سے معافی مانگتے ہوئے لکھا کہ وہ اپنی غلطی پر دل سے معافی کی طلب گار ہیں اور آئندہ وہ یہاں ایسی چیزیں شیئر کرنے سے قبل ان کا سنجیدگی سے جائزہ لیں گی۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے بھی اس مرتبہ مغربی کلچر کا اہم ترین تہوار ہیلووین منایا ہے۔شرمیلا فاروقی نے مخصوص کردار کا روپ دھارا ہے اور اسی طرح کے کپڑے بھی زیب تن کئے اور اپنی تصاویر سوشل میڈیا پر جاری کردیں۔

خیال رہے کہ اس تہوار میں لوگ بھوتوں، چڑیلوں، انسانی روحوں، ڈھانچوں اوردیگر خوف ناک کرداروں کا روپ دھارتے ہیں اور اپنے گھروں کو بھی سجاتے ہیں۔ہیلووین پر طرح طرح کے خوف ناک و عجیب و غریب قسم کے کاسٹیوم تیار کیے جاتے ہیں، جو نہ صرف بچے بلکہ بڑے بھی زیب تن کرتے ہیں۔