اسرائیل کی نئے سال کے آغاز کے ساتھ ہی غزہ پر بمباری، 100 فلسطینی شہید 

Jan 01, 2024 | 12:29:PM
اسرائیلی فورسز نے نئے سال کے آغاز کے ساتھ ہی غزہ پر فلسطینیوں پر بمباری کردی، جس کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت مزید 100 فلسطینی شہید ہوگئے۔
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) اسرائیلی فورسز نے نئے سال کے آغاز کے ساتھ ہی غزہ کےفلسطینیوں پر بمباری کردی، جس کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت مزید 100 فلسطینی شہید ہوگئے۔

عرب میڈیا کے مطابق فلسطینیوں کو سال 2023 میں جہاں اسرائیلی جارحیت کا سامنا رہا وہیں نئے سال کے پہلے روز ہی صیہونی فورسز نے غزہ پر تابڑ توڑ حملے کیے جہاں خان یونس شہر میں خوفناک زمینی لڑائی جاری ہے۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹ کے مطابق غزہ کے علاقے زیتون میں اسرائیلی طیارے رات بھر عام شہریوں کو نشانہ بناتے رہے، مغازی کیمپ میں رہائشی عمارتوں کو ڈرون سے نشانہ بنایاگیا، نصیرت کیمپ میں بھی گھروں پر بمباری میں 35 افراد شہید ہوئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق غزہ شہر پر اسرائیلی فوج کی شدید بمباری سے اتوار (31 دسمبر) کی رات تقریباً 48 افراد شہید ہوئے ، جس کے بعد ایک اور حملے میں غزہ شہر کے مغرب میں الاقصیٰ یونیورسٹی میں پناہ گزین کیمپ میں 20 فلسطینی شہید ہوئے۔

اس کے علاوہ اسرائیلی فورسز نے رات گئے مشرقی غزہ کے ضلع زیتون میں شیلنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے۔

مزید پڑھیں:  نئے سال کے آغاز پر سٹاک ایکسچینج میں تیزی، 64 ہزار کی حد عبور کرگئی

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے وسطی غزہ میں مغازی کیمپ کے ایک گھر پر ڈرون بھی گرائے جس میں بچوں سمیت متعدد عام شہری زخمی ہوئے جب کہ نصیرت کے مہاجرین کیمپ میں ایک گھر پر کارروائی میں متعدد فلسطینی زخمی ہوئے۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل فورسز نے رات گئے مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جہاں فورسز نے نابلس شہر اور جینن کیمپ سمیت کئی علاقوں میں کارروائیاں کیں۔

دوسری جانب نئے سال کے آغاز پر رام اللہ میں فلسطینیوں نے اسرائیلی جارحیت میں شہید ہونے والوں کو یاد کرکے احتجاج کیا۔

فلسطینی شہریوں نے مقبوضہ مغربی کنارے پر رام اللہ میں ایک بڑا بینر تیار کیا جس میں غزہ میں شہید ہونے والے ہزاروں فلسطینیوں کی تصاویر لگائی گئی تھیں۔