نگران وزیراعلیٰ نے ملتان کا 8 گھنٹے طویل دورہ کیا، مختلف ترقیاتی مںصوبوں کا جائزہ لیا

Feb 01, 2024 | 21:43:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سید زوہیب بخاری) نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی نے ملتان کا آٹھ گھنٹے کا طویل دورہ کیا اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کے جائزے کے ساتھ ساتھ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں خصوصی اجلاس کی صدارت بھی کی جس میں عام انتخابات کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

نگران وزیراعلیٰ نے وزراء کے ہمراہ نشتر ہسپتال 2 اور ساؤتھ سٹی ہسپتال کا افتتاح کیا، اس کے ساتھ ساتھ کیڈٹ کالج اور سیف سٹی اتھارٹی کا سنگِ بنیاد بھی رکھا۔

ساؤتھ سٹی ہسپتال کا منصوبہ 2014ء سے زیرِ التواء تھا جسے محسن نقوی کی ہدایات پر چند ماہ مکمل کرایا گیا جبکہ نشتر ہسپتال II کا پراجیکٹ بھی گزشتہ 5 برس سے نامکمل تھا جسے اب ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا۔

نگران وزیراعلیٰ نے اس موقع پر سی ٹی سکین مشین، ایم آر آئی، لیب، آپریشن تھیٹرز اور وارڈز سمیت مختلف شعبوں کا معائنہ بھی کیا۔

یہ بھی پڑھیے: محسن نقوی نے صحافی برادری کے ساتھ کیا ایک اور وعدہ پورا کر دیا، عامر میر

نگران وزیراعلیٰ نے 919 کنال اراضی پر کیڈٹ کالج کا کرین کے ذریعے کھدائی کرکے سنگ بنیاد رکھا جہاں ابتدائی طور پر 450 طلبہ تربیت حاصل کرسکیں گے اور یہ کالج 2025ء تک مکمل ہوگا۔

بعدازاں نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کی جس میں عام انتخابات کے حوالےسے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے تمام پولنگ اسٹیشنز پر 6 فروری تک کیمرے انسٹال کرانے کی ہدایت کی۔

اس موقع پر ان کا مزید کہنا تھا کہ مدت مکمل ہونے پر اپنے پروفیشن میں واپس چلا جاؤں گا۔

کرکٹ بورڈ کے عہدے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی کا ٹاسک ملا تو ذمے داری پوری کروں گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سیاست سے دور رہنا میرے لیے اچھا ہے، زیادہ اچھے طریقے سے لوگوں کی خدمت کرسکتا ہوں۔