لاہور ہائیکورٹ: عمران خان کی نااہلی کے فیصلے کیخلاف درخواست، فریقین کو نوٹس جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کی الیکشن کمیشن سے توشہ خانہ ریفرنس میں نااہلی فیصلے کے خلاف درخواست پر الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریقین کو 12 نومبر کے لئے نوٹس جاری کر دیا۔ عدالت نے حکم امتناعی کی درخواست پر بھی نوٹس جاری کر دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد ساجد محمود سیٹھی نے شہری محمد جابر عباس کی درخواست پر سماعت کی۔ وفاقی حکومت کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل نصر احمد پیش یوئے۔ درخواست میں الیکشن کمیشن سمیت دیگرز کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ الیکشن کمیشن عدالت نہیں، کسی کو نااہل کرنے کا اس کے پاس پاس اختیار نہیں، عدالت سے استدعا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان کی نااہلی کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔
جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے استفسار کیا یہ معاملہ تو اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیرالتواء ہے۔ وکیل درخواست گزار نے کہا کہ یہاں الیکشن کمیشن کے قانونی اختیار کو چیلنج کیا گیا ہے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے درخواست کے قابل سماعت ہونے کی مخالفت کی۔
عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کے قانونی دائرہ اختیار کو چیلنج کیا گیا ہے، آپ اس درخواست کا جواب دے دیں۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ جی میں جواب جمع کروادیتا یوں۔
لاہور ہائیکورٹ نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 12 نومبر تک ملتوی کردی۔