روسی تیل عمان کی بندرگاہ پہنچ گیا،مصدق ملک نے خوشخبری بھی سنا دی

May 30, 2023 | 11:55:AM
روسی تیل عمان کی بندرگاہ پہنچ گیا،مصدق ملک نے خوشخبری بھی سنا دی
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)وزیرمملکت پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا  کہ پاکستان کیلئے آنے والا روسی تیل عمان کی بندرگاہ پہنچ گیا ہے،روسی جہاز دو ہفتوں میں پاکستان پہنچے گا،دنیا میں جہاں سستا تیل ملے گا لیں گے،ایک جہاز سے فرق نہیں پڑے گا زیادہ گارگوزآئیں گے توقیمت کم ہوگی،عوام کو ریلیف دینے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔

وزیرمملکت پیٹرولیم مصدق ملک نے تقریب سے خطاب میں کرتے ہوئے کہا کہ تیل کی قیمتیں کم ہوں گی تو بجلی کی قیمتیں بھی کم ہوں گی،اب ملک میں گرین انرجی کی طرف جائیں گے،سمندرمیں تیل وگیس کی تلاش پر کام دوبارہ شروع کر رہے ہیں،کوشش ہے مقامی سطح پرگیس کی پیداواربڑھے،ماحولیاتی تبدیلی سے بچنے کیلئے گرین انرجی ناگزیرہوچکی،گیس کے بند کنووں کو دوبارہ کھولیں گے،کوشش ہےان کنووں کو کچھ رعایت دیں۔

 مصدق ملک کا کہنا تھا کہ ملک میں ٹائٹ گیس کے وسیع ذخائر ہیں جلد ملک میں ٹائٹ گیس کی پالیسی لائیں گے،حکومت کی جانب سے اہم فیصلے کئے جارہے ہیں اور حالات کو بہتر کرنےکیلئے مشکل فیصلے کئے جارہےہیں، آگے بڑھنےکیلئے ہمیں چھوٹے کاروبارکرنیوالوں کو پروموٹ کرنا ہے، بجٹ میں چھوٹے کاروبار کرنیوالوں کو سہولتیں دینے پرغور کررہے ہیں،ہم نے تاپی گیس منصوبے سےسستی گیس لانی ہے، اس پر تیزی سےکام کررہےہیں۔

یہ بھی پڑھیں:  روپے کی بے قدری،ڈالر پھر اڑان پر

دوسری جانب وائس آف امریکا کو دیئے گئے حالیہ انٹرویو میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے اس سوال کا جواب دیا،جب ان سے پوچھا گیا کہ  پیٹرول کی قیمت  جو 282 روپے فی لیٹر کی ریکارڈ بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے اور اس وقت 272 روپے فی لیٹر ہے، تو کیا روسی تیل کے پاکستان پہنچنے کے بعد اس میں 100 روپے کی کمی کی جائے گی؟ وفاقی وزیر نے اس کا جواب نفی میں دیا اور ان تمام قیاس آرائیوں کی تردید کردی۔

 احسن اقبال نے انٹرویو میں کہا کہ100 روپے تک کا اتنا زیادہ فرق تو نہیں پڑے گا لیکن قیمت ضرور کم ہوگی اگر روسی تیل کی خاطر خواہ مقدار پاکستان آئے گی،ابھی ابتدا میں تھوڑی مقدار پاکستان آرہی ہے،6ماہ یا سال کے بعد جب روس سے تیل کی زیادہ مقدار آئے گی تو یقیناً اس سے پاکستان میں پیٹرول کی قیمت کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔