گڈز ٹرانسپورٹ کا پیٹرولیم قیمتوں میں اضافہ واپس نہ لینے پر ملک گیر ہڑتال کا فیصلہ

Jan 30, 2023 | 19:14:PM
گڈز ٹرانسپورٹ کا پیٹرولیم قیمتوں میں اضافہ واپس نہ لینے پر ملک گیر ہڑتال کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے معاملے پر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس ہوا ، جس میں پیٹرولیم قیمتوں میں اضافہ واپس نہ لینے پر ملک گیر ہڑتال کا فیصلہ کیا گیا۔ 

 گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری نبیل طارق  کا کہنا تھا کہ دو روز بعد ملک گیر ہڑتال کی تاریخ کا اعلان کرینگے،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد گاڑیاں ویسے رک گئی ہیں،اگر قیمتیں واپس نہ ہوئیں تو گاڑیاں بینکس اور پمپس مالکان پکڑ لیں گے۔

 نبیل طارق کا مزید کہنا تھا کہ اتنی مہنگائی کے دور میں کارروبار ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں، اگر گاڑیاں بینکس اور پمپس مالکان نے پکڑنی ہیں تو اس سے پہلے ہم کھڑی کر دینگے۔

یہ بھی پڑھیں: بارش برسانے والا نیا سسٹم ملک میں داخل

دوسری جانب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلینج کر دیا گیا، جوڈیشل ایکٹوزم پینل کی جانب سے متفرق درخواست دائر کی گئی، جس میں کہا گیا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی بجائے 35 روپے اضافہ کردیا گیا، عالمی منڈی کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم نہیں کی گئیں۔

 یاد رہے گزشتہ روز وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا ۔نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول، ڈیزل کی قیمت میں 35 ،35 روپے فی لٹر اضافہ کیا گیا۔نوٹیفکیشن کے مطاب  پیٹرول کی نئی قیمت 249 روپے 80 پیسے فی لٹر مقرر ہو گئی، ڈیزل کی نئی قیمت 262 روپے 80 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کا تیل 18 روپے مہنگا ہوا، نئی قیمت 189 روپے 83 پیسے فی لٹر ہو گئی، لائٹ ڈیزل 18 روپے مہنگا ہونے پر نئی قیمت 187 روپے فی لٹر مقرر ہو گئی۔