قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج طلب۔۔اہم فیصلےمتوقع

Oct 29, 2021 | 10:06:AM
قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج ہو گا
کیپشن: قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج  طلب کرلیا ہے۔ اجلاس میں قومی سلامتی سے متعلق دیگر امور بھی زیر غور آئیں گے ۔

 تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے کالعدم جماعت کی غیر قانونی سرگرمیوں سے پیدا صورتِ حال پر آج قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان بہت جلد قوم سے اہم خطاب کریں گے۔عمران خان اپنے خصوصی خطاب میں ملک کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے قوم کو آگاہ کریں گے اور انہیں اعتماد میں لیں گے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا ہے کہ وہ واضح کرچکے ہیں کہ جب تک کالعدم جماعت والے سڑکیں خالی نہیں کرتے مذاکرات نہیں ہوسکتے۔  انہوں  نے کہا کہ پولیس کو شہید کرنے والے مجرموں کو اداروں کے حوالے کئے جانے تک مذاکرات نہیں ہوسکتے، محب وطن لوگ اس احتجاج سے خود کو لاتعلق کریں۔محب وطن لوگ اپنے گھروں کو لوٹ جائیں، محب وطن لوگ ریاست کے خلاف دہشت گردی کا حصہ نہ بنیں۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) سے اب تک بات نہیں بنی، آج اور کل پھر بات ہوگی، ان کا کہنا تھاکہ ملک کا آئین قرآن و سنت اور لاالہ الا اللہ کے تحت بنا ہے، کوئی مسلمان نہیں ہوسکتا اگر ختم نبوت ﷺ پر ایمان نہ ہو، کالعدم تنظیم کے سربراہ سے ملاقات کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ سعد رضوی سے دو تین ملاقاتیں ہوئی ہیں، آج اور کل بھی سعد رضوی سے بات کروں گا۔ انہوں نے بتایا کہ کالعدم تحریک کے ساتھ مذاکرات میں ابھی تک بات نہیں بنی۔

شیخ رشید کا کہنا تھاکہ فرانسیسی سفیر پاکستان چھوڑ کر جا چکا ہے، آپ اسلام آباد بیٹھ کر کیا کریں گے؟ آپ نے جو حالات پیدا کئے ہیں، ان سے آپ کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کل معاملات رینجرز کے ہاتھ میں دینا پڑے۔ ان کا کہنا تھاکہ فرانس یورپی یونین کی سربراہی کر رہا ہے، فرانس کا سفیر یہاں ہے نہیں ، اسمبلی میں ہم قرار داد پیش کرچکے ہیں، فرانس کا سفیرشاید گبھراکر پاکستان چھوڑ کر جاچکا ہے جبکہ پاکستان پر پابندیاں لگانے کی سازش کا مقابلہ ہم سب نے مل کر کرنا ہے۔ آپ کو جب روکا جائے گا تو نتائج کی ذمے داری آپ پر ہوگی۔

ان کا کہنا تھاکہ وزیراعظم جو حکم دیں گے وزارت داخلہ ماننے کی پابند ہے، ہم نے بھرپور کوشش کرلی اور عمران خان اب ان کو کچھ دینے کو تیار نہیں، ان کو راستے میں روکنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبے میں قیام امن کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہر ممکن اقدامات کی ہدایت کی ہے۔پنجاب میں رینجرز دو ماہ کے لیے طلب کی گئی ہے۔ آج امن و امان سے متعلق اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ معمولات زندگی متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، عوام کے جان ومال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمے داری ہے، انہوں نے کہا کہ ریاست اپنی یہ ذمے داری ہر صورت نبھائے گی۔

یہ بھی پڑھیں:ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ میں آج دو ٹاکرے۔۔پاکستان کا برادر ملک مدمقابل