وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ویمن سیفٹی ایپ دو ہفتے میں فنکشنل کرنے کی ہدایت کردی

Feb 27, 2024 | 19:19:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(راؤ دلشاد) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف خواتین کے تحفظ کیلئے اپ گریڈڈ ’ویمن سیفٹی ایپ‘ لانچ کرنے اور دو ہفتوں میں اسے فنکشنل کرنے کی ہدایات جاری کردیں جس میں 43 کے قریب سروسز ایک کلک پر میسر ہوں گی۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے ہیڈکوارٹر کے دورے کے موقع پر کیا۔

اس موقع پر انہوں نے 31 دسمبر تک تمام اضلاع میں سمارٹ سیف سٹی پراجیکٹ لانچ کرنے کی ہدایت کی جبکہ پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کی خواتین پولیس کمیونیکیشن آفیسرز کیلئے ہاسٹل بنانے کا اعلان بھی کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کو کیمروں سے ہسپتال، بس سٹینڈ، ائیرپورٹ، ریلوے سٹیشن اور شاپنگ مالز کی مانیٹرنگ کی کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔

انہوں نے سیف سٹی اتھارٹی ڈیٹا سنٹر اور ڈیجیٹل وال کا بھی معائنہ کیا جس کے بعد انہوں نے 15 کال سنٹر کا دورہ کیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے لیڈی پولیس کمیونیکیشن آفیسرز سے ڈیسک پر جا کر بات چیت کی اور مانیٹرنگ کے عمل کا مشاہدہ کیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے 15 پر کال کرکے پولیس رسپانس اور ٹائم چیک کیا۔

سابق سینیٹر پرویز رشید، مریم اورنگزیب، عظمیٰ بخاری، بلال کیانی، ثانیہ عاشق، چیئرمین پی اینڈ ڈی، آئی جی پنجاب، سی سی پی او لاہور اور دیگر متعلقہ حکام بھی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ساتھ موجود تھے۔