عمران خان تنہا رہ گئے،مزید پارٹی رہنماؤں نے راہیں جدا کرلیں

May 26, 2023 | 13:07:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)ایک کے بعد ایک تیار، تحریک انصاف کے مزید  رہنماؤں نے پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا۔

اسلام آباد سے  ایم این اے راجہ خرم نواز نے تحریک انصاف چھوڑنے کا فیصلہ کرلیاہے جبکہ فردوس عاشق اعوان نے بھی پارٹی کو خیر باد کہہ دیا۔

مراد راس بھی عمران خان سے الگ ہو گئے

سابق صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے  بھی تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کردیا، لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیر نے کہا کہ ہم 9 مئی کی تحریک پر مبنی سیاست سے اتفاق نہی کرتے۔ انہوں نے کبھی بھی ایسا دن نہیں سوچا تھا کہ وہ عمران سے علیحدگی اختیار کر لیں گے۔

مراد راس نے کہا کہ کوئی بھی نہیں چاہتا کہ اداروں سے لڑائی ہو، اختلاف اور اختلاف رائے ہوتا ہے لیکن اس کو بیٹھ کر حل کیا جا سکتا ہے۔ ہم سب کو یہی رہنا ہے اور مذاکرات کے لیے افغانستان، چین یا امریکا سے بندے لے کر نہیں آنا ہے بلکہ ملک میں موجود لوگوں سے مذاکرات کرنا ہے۔ ملک کے حالات لڑائی سے بہتر نہیں ہوسکتے ہیں اور یہ ہم نے دیکھا ہے۔

اس موقع پر انہوں نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا اور آبدیدہ بھی ہو گئے۔

 آصف اعوان نے بھی سیاست چھوڑ دی

تحریک انصاف کے مقامی رہنما محمد آصف اعوان نے سیاست چھوڑنے کا اعلان کر دیا،نجی ٹی کے مطابق پی ٹی آئی لودھراں کے رہنما محمد آصف اعوان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو پیش آنے والے تمام واقعات پر رنجیدہ ہیں، بھرپور مذمت کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ میں اب سیاست نہیں کروں گا، سیاست چھوڑنے کا اعلان کرتا ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: پرویز الہیٰ غائب ہو گئے

 پی ٹی آئی ضلع کوہاٹ کے  نائب صدر بشیر خان بھی الگ ہو گئے

 پی ٹی آئی کے ضلعی نائب صدر  نے عہدے سے استعفا دیتے ہوئے پارٹی سے علیحدگی اختیار کرلی، اپنے ویڈیو پیغام میں پی ٹی آئی ضلع کوہاٹ کے  نائب صدر بشیر خان کا کہنا  تھاکہ 9 مئی کے واقعات دیکھ کر مجھے انتہائی مایوسی ہوئی، میں  اپنی سیاست کیلئے فوجی تنصیبات و سرکاری املاک کو جلانے کی اور شہدا کی بے حرمتی کئے جانے کی سخت مذمت کرتا ہوں۔

سابق صوبائی مشیر قاسم خان نے بھی پی ٹی آئی چھوڑ دی
 پشاور سے سابق صوبائی مشیر جیل خانہ جات ملک قاسم خان  نے  بھی   تحریک انصاف  کو چھوڑنے کا اعلان کردیا،پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک قاسم خان نے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف چھوڑ نے کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم پر کوئی دباؤ نہیں، ہم رضا کارانہ طور پر چھوڑ رہے ہیں، مفاد عامہ کی خاطر یہ قدم اٹھایا، ہماری قوم کا مفاد اسی میں ہے  کہ ہم تحریک انصاف چھوڑ دیں۔

 قاسم خان کا کہنا تھا کہ قیادت نے ہمارے ساتھ وعدے کیے، قیادت کی ناانصافیاں برداشت نہیں کرسکتے، 5  سال سے لڑرہے ہیں لیکن حق نہیں مل رہا، یہ زیادتیاں برداشت نہیں کرسکتے۔

9 مئی کے واقعات کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہوں :عباس جعفری

دوسری جانب پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی اور یوتھ ونگ کے صدر عباس جعفری نے پی ٹی آئی چھوڑ دی،عباس جعفری کا ویڈیو بیان میں کہاہے کہ 9 مئی کے واقعات کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہوں ،پاکستان کی فوج ہے تو پاکستان ہے ،ان کاکہناتھا کہ پارٹی کی بنیادی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتا ہوں ۔