ٹی20 ورلڈکپ: پاک بھارت میچ کے ٹکٹ کی قیمت آسمان سے باتیں کرنے لگی

May 25, 2024 | 12:14:PM
ٹی20 ورلڈکپ: پاک بھارت میچ کے ٹکٹ کی قیمت آسمان سے باتیں کرنے لگی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاک بھارت میچ کے ٹکٹس کی قیمت آسمان سے باتیں کرنے لگی۔

 کرکٹ شائقین پاکستان اور بھارت کے درمیان 9 جون کو نیویارک میں ہونے والے مقابلے کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں جبکہ آئی سی سی نے پاک بھارت میچ کے ٹکٹ کی قیمت کا اعلان کرکے سب کو حیران کردیا ہے۔

نیو یارک اسٹیڈیم کے ڈائمنڈ کلب کے ٹکٹ کی قیمت 20  ہزار ڈالرز  یعنی 56 لاکھ پاکستانی  روپے  ہے، عام اسٹینڈ کے ٹکٹ کی قیمت 2  ہزار 750  ڈالرز  یعنی  پاکستانی روپے میں تقریباً پونے 8  لاکھ روپے تک پہنچ گئی ہے۔

دوسری جانب انڈین پریمیئر لیگ ( آئی پی ایل) کے سابق سربراہ للت مودی نے مہنگے ٹکٹس کی فروخت  پرآئی سی سی کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ٹی 20 آج کھیلا جائے گا

للت مودی نے سوشل میڈیا پر جاری ردعمل میں پاک بھارت میچ کی ٹکٹس کی زیادہ قیمت پر حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ آئی سی سی کی پاک بھارت میچ سے صرف پیسہ بنانے کی نیت ظاہر ہورہی ہے۔

للت مودی نے سوال اٹھایا کہ امریکا میں ورلڈکپ کا مقصد فینز کو انگیج کرنا  ہے یا پیسے بنانا؟

انہوں نے کہا کہ  مجھے یہ جان کر شدید دھچکا لگا کہ ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کے لیے ڈائمنڈ کلب کی ایک ٹکٹ 20 ہزار ڈالر تک میں بیچی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا میں ورلڈ کپ کے انعقاد کا مقصد کھیل کا فروغ اور اسے وسعت بخشنے کے ساتھ ساتھ شائقین کے ساتھ رابطہ قائم کرنا ہے لیکن ٹکٹ کے نام پر اتنا منافع کمانا غیرضروری ہے

 یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 9 جون کو نیویارک میں کھیلا جائے گا۔