سیاست میں خریدو فروخت کا بازار شروع ہوا تو جھاڑو پھر جائے گی ۔عمران ترپ کا پتہ کھیلے گا۔شیخ رشید

Feb 25, 2022 | 18:26:PM
ترپ کاپتہ۔جھاڑو۔اپوزیش۔ تحریک عدم اعتماد۔ادارے
کیپشن: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید پریس کانفرنس کر رہے ہیں۔ (فائل فوٹو)
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جو خرید و فروخت کا بازار سجا رہے ہیں وہ کان کھول سن لیں عمران خان ترپ کا پتہ کھیلے گا، عمران خان خرید و فروخت کرنے والوں کے جمعہ بازار پر ایسا سیاسی ڈرون حملہ کرے گا کہ ان کی سیاست نیست و نابود ہو جائے گی ،عمران خان کو پانچ سال پورے کرتے دیکھ رہا ہوں ، اداروں نے واضح کہا ہے کہ وہ غیر جانبدار ہیں اوروہ جمہوری حکومت کے ساتھ ہیں اورساتھ کھڑے ہیں،جنہوں نے نام لے کر اداروں کو گالیاں دیں ان کے لئے کوئی انگلی کھڑی نہیں کر سکتا ،سیاستدان بھول جاتا ہے لیکن ادارے نہیں بھولتے ، نواز شریف نے خرید و فروخت کا سارا کام آصف علی زرداری کو سونپ دیا ہے ،یہ ہر اس گھر میں خیرات سے مانگنے جارہے ہیں جو گھر ان کے دل میں کھٹکتاہے ۔
 لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان پیپلز پارٹی دونوں کراچی سے ریلی نکال رہے ہیں، وزارت داخلہ کی جانب سے دونوں کو رینجرز کی سکےورٹی فراہم کی جارہی ہے تاکہ امن و امان کے مسائل سے نمٹا جاسکے۔نور مقدم کیس میں اسلام آباد پولیس کو خراج تحسین پیش کرتاہوں جنہوں نے اس کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا۔وزیر اعظم عمران خان کا دورہ روس زبردست کامیاب رہا ہے اس سے دنیا میں پاکستان کی امن کی کوششوں کو زبردست پزیرائی حاصل ہوئی ہے لیکن یہ دورہ بھارت کو ایک آنکھ نہیں بھایا۔انہوں نے کہاکہ تحریک عدم اعتماد ایک ڈھیلی ڈھالی اور ڈانواں ڈول تحریک ہے، ایسی تحریکیں ماضی میں بھی چلیں ہیں جس کا کوئی نتیجہ نہیں نکلاا۔انہوںنے کہاکہ نواز شریف نے 172 آدمی پورے کرنے کے لئے خرید و فروخت کی ذمہ داری آصف علی زرداری کو سونپی ہے، میں یہ بات ذمہ داری سے کہہ رہا ہوں اگر سیاست میں خریدو فروخت کا بازار شروع ہوا تو جھاڑو پھر جائے گی۔انہوں نے کہا کہ جو کہتے تھے ووٹ کو عزت دو ۔وہ اب ووٹ کو ذلت کے گڑھے میں پھینکنے کی تیاریاں کر رہے ہیں، جن سے آپ سلام دعا کے قائل نہیں تھے اب نہ صرف ان کے گھروں میں جارہے ہیں بلکہ ان کو طرح طرح کے پیشکش کر رہے ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ جب ملک میں جمہوریت کاروبار بن جاتی ہے تو اس کے نتائج اچھے نہیں ہوتے۔انہوں نے کہاکہ یہ سارے مفاد پرست آج اکٹھے ہورہے ہیں، ان سے پوچھیں انہیں کیا چیز اکٹھا کر رہی ہے، انہیں خوف جمع کر رہا ہے کہ انہیں ڈر ہے کے ان کی کھال اتر جائے گی۔انہوں نے کہاکہ انہیں یہ بات ذہن نشین کر لینی چاہئے کہ اگر آپ تحریک عدم اعتماد لاتے ہیں تواس کی ناکامی کے بعد عمران خان آپ کے لئے ایک چیلنج ثابت ہوگا، اس سے عمران خان اور زیادہ مضبوط ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے اتحادی ان کے ساتھ کھڑے ہوں گے اور بکنے والے کسی کو شکل دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے، عمران خان جرات کے اس سارے کھیل کا مقابلہ کریں گے، اگر یہ تحریک عدم اعتماد لاتے ہیں تو انہیں پہلے یہ فیصلہ کرنا ہے مرکز میں کون آئے گا، پنجاب میں کون آئے گا۔انہوں نے کہا کہ میں تو اس قسم کا سیاسی انتشار و خلفشار دیکھ رہا ہوں کہ ان کو لینے کے دینے پڑھ جائیں گے، اپوزیشن اپنی سیاسی قبر کھودنے جارہی ہے، انہیں اندازہ نہیں ہے، روس اور یوکرین ، چین اور تائیوان کے کیا حالات ہیں، ہمارے اردگر دکیا حالات چل رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ملک کے ارد گرد جو حالات ہیں، اس وقت پاکستان کو ایک جمہوری اور مستحکم حکومت کی ضرورت ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ تحریک انصاف میں کوئی بکا ﺅنہیں ہے اور تحریک انصاف عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے ،اگر کوئی ضمیر فروش ہوا تو اس کی پاکستان میں کوئی عزت نہیں ہوگی۔عدم اعتماد کی تحریک کے ووٹ پورے ہونے کی صورت میں حلیف حکمران جماعت کو شیخ رشید کی جانب سے مشورے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان کو معلوم ہے کہ انہیں کب کیا فیصلہ کرنا ہے، وہ بچے نہیں ہیں وہ 25 سال سے سیاست کے کھیل میں ہے۔انہوں نے کہاکہ جو اپوزیشن کے لوگ عمران خان کو سمجھ نہیں رہے وہ اندازہ نہیں کر پا رہے ہیں کہ وہ ترپ کا ایسا پتا کھیلے گا کہ یہ سیاسی طور پر نیست و نابوت ہوجائیں گے۔جہانگیر ترین سے پی ٹی آئی کے رابطے سے حوالے سے انہوں نے کہا کہ میں نے عمران خان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ جہانگیر ترین سے بات کریں، اس وجہ سے پی ٹی آئی کے بہت سے رہنما مجھ سے ناراض بھی ہیں، میں اپنی سیاسی رائے دینے سے کبھی نہیں ڈرا۔انہوں نے کہاکہ آصف علی زرداری اور نواز شریف چلے ہوئے کارتوس ہیں، شرارتیں کرنا ان کا مقدر ہے اور حکمرانی کے فیصلے اللہ کے پاس ہے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان 5 سال پورے کریں گے، انہیں مہنگائی کا بھی احساس ہے، اس حکومت کا ایک سال رہ گیا ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو الیکشن کی تیاری کرنی چاہئے۔
 یہ بھی پڑھیں۔وہ صرف فوجیوں کونہیں شہریوں کو بھی ماررہے ہیں،یوکرینی خاتون پھوٹ پھوٹ کر روپڑی