پاکستان افغان عوام اور فوج کے خلاف نہیں : ترجمان دفتر خارجہ

افغانستان میں دہشتگردوں کے خلاف انٹیلی جنس معلومات کی بنیادپر کارروائی کی ، پاکستان افغانستان کی خودمختاری کا احترام کرتا ہے،ممتاززہرابلوچ کی ہفتہ وار بریفنگ

Mar 21, 2024 | 15:13:PM
 پاکستان افغان عوام اور فوج کے خلاف نہیں : ترجمان دفتر خارجہ
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: 24news.tv
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان افغان عوام اور فوج کے خلاف نہیں ،افغانستان میں دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس معلومات کی بنیادپر کارروائی کی ۔ پاکستان افغانستان کی خودمختاری کا احترام کرتا ہے۔ ممتاززہرابلوچ نے غزہ میں اسپتالوں پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا معصوم بچوں، بے گناہ افراد اور شہری آبادی کو نشانہ بنانا جنگی جرائم کے زمرے میں آتاہے،پاکستان نےبھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی 14 سیاسی جماعتوں پر پابندی کی بھی مذمت کردی ۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستان نے گزشتہ ہفتے افغانستان میں دہشتگرد گروہ کے خلاف کارروائی کی، ان حملوں کا نشانہ حافظ گل بہادر گروپ کے دہشتگرد تھے۔

ممتاز بلوچ نے واضح کیا کہ افغانستان کی خود مختاری کا احترام کرتے ہیں، پاکستان کی جانب سے حملوں میں افغانستان کے سویلین آبادی کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔ پاکستان افغانستان کے ساتھ تمام مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے حل کرنے کا خواہاں ہے لیکن پاکستان اپنی سرزمین پر دہشت گرد کارروائیوں کو برداشت نہیں کرے گا۔

ضرورپڑھیں:ایک او ر ”لاپتہ فرد“ کی حقیقت سامنے آگئی،لاپتہ فرد گوادر حملے میں ماراگیا دہشتگرد نکلا

ممتاز بلوچ نے کہا کہ گزشتہ روز گوادر میں دہشت گرد حملے کو سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنایا، پاکستان یقین رکھتا ہے کہ کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور ایسے دیگر گروہ خطے کے لیے ایک خطرہ ہیں۔

امریکی ایوان نمائندگان کی امور خارجہ کی کمیٹی میں پاکستان میں انتخابات کے حوالے سے سماعت پر بات کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔ گزشتہ روز امریکی کمیٹی کے اجلاس میں پاکستانی انتخابی قوانین کے حوالے سے متعدد غلط فہمیاں دکھائی دیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے غزہ جنگ پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان غزہ میں ہسپتالوں پر حملے کی شدید مذمت کرتا ہے، معصوم بچوں کو نشانہ بنانا بربریت سے کم نہیں، بے گناہ افراد،شہری آبادی کو نشانہ بنانا جنگی جرائم کے زمرے میں آتا ہے۔

 پاک ایران گیس پائپ لائن فیصلہ حکومت پاکستان کا اپنا فیصلہ ہوگا

پاک ایران گیس پائپ لائن پر بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بارہا پاک ایران گیس پائپ لائن اور باہمی سمجھ پر اپنے عزم کی تجدید کی ہے، پاک ایران گیس پائپ لائن فیصلہ حکومت پاکستان کا اپنا فیصلہ ہوگا۔ یہ پائپ لائن پاکستان اپنے علاقے میں تعمیر کر رہا ہے، اس وقت پہلا نکتہ گیس پائپ لائن کہ تعمیر ہے ، ہم اس تعمیر کے لیے بہت ہی پر عزم ہیں۔

 مقبوضہ کشمیر کی 14 سیاسی جماعتوں پر پابندی کی بھی مذمت

انہوں نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر باات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیرکی 14 سیاسی جماعتوں پر پابندی عائد کر چکا ہے، مقبوضہ کشمیر میں آزادی اظہار پر پابندی کی مذمت کرتے ہیں،کشمیری سیاسی جماعتوں پر پابندی قابل مذمت ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، کشمیر یوں کو حق خود ارادیت ملنا چاہیے۔ مسئلہ کے حل تک پاکستان کشمیر یوں کی سیاسی ،سفارتی اوراخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔