اپوزیشن ارکان بلوچستان اسمبلی کا سپیکر کے مشاورتی اجلاس میں جانے سے انکار

Jun 20, 2021 | 18:23:PM
اپوزیشن ارکان بلوچستان اسمبلی کا سپیکر کے مشاورتی اجلاس میں جانے سے انکار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)بلوچستان اسمبلی کے اپوزیشن ارکان نے سپیکر کی جانب سے طلب کئے گئے مشاورتی اجلاس میں جانے سے انکار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں اپوزیشن لیڈر ملک سکندر ایڈووکیٹ سمیت متحدہ اپوزیشن کے ارکان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ بجٹ اجلاس والے دن اتنا کچھ ہونے کے باوجود مشاورتی اجلاس بلانا اپوزیشن کے ساتھ مذاق ہے،اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ بجٹ سے قبل سپیکر بلوچستان اسمبلی سے پری بجٹ کے حوالے بحث رکھنے کے درخواست کی تھی ،لیکن پری بجٹ پر بحث کے حوالے سے ہماری کوئی شنوائی نہیں ہوئی،اسمبلی قواعد کا احترام نہیں کیا گیا۔ان کاکہناتھا کہ اپوزیشن جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرزمشاروتی اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔اپوزیشن لیڈر نے مزید کہاکہ حکومت اپوزیشن کو دیوار سے لگانے کے لئے الٹا مقدمات درج کررہی ہے،مشاورتی اجلاس میں اپوزیشن کے پارلیمانی لیڈران کو طلب کرنا مذاق کے مترادف ہے۔
اپوزیشن ارکان اسمبلی نے کہاکہ اسمبلی میں احتجاج کے روز اپوزیشن کے ارکان اسمبلی کو زخمی کیا گیا،وزیراعلی جام کمال سمیت دیگر خلاف مقدمہ درج کرنے سے متعلق درخواست دی گئی،پرامن احتجاج کے دوران پولیس نے ارکان اسمبلی کو تشدد کا نشانہ بنایا اور زخمی کیا،ہزاروں کے تعداد میں پولیس اہلکاروں کو اسمبلی کے احاطے میں داخل کیا گیا،بکتر بند گاڑی اپوزیشن ارکان پر چڑھائی گئی۔
 اپوزیشن ارکان نے کہاکہ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ہے،حکومتی مشینری کی ذریعے اسمبلی کی تقدس پامال کیا گیا ،وزیراعلیٰ جام کمال خان سمیت دیگر خلاف مقدمہ درج نہ کرنے پر ہرقانونی راستہ اختیار کریں گے،ان کاکہناتھا کہ ساتھیوں نے یہ مشورہ بھی دیا ہے کہ گرفتاریاں دے دیں،مشاورت کے بعد ہی گرفتاریاں دینے کا فیصلہ کریں گے،اپوزیشن ارکان نے کہاکہ بجٹ سیشن کے بعد اسمبلی اجلاس بلانے کے لئے ریکوزیشن بھی جمع کرائیں گے۔

یاد رہے کہ سپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجونے آج پارلیمانی لیڈرز کا مشاورتی اجلاس طلب کیا تھا۔ 

یہ بھی پڑھیں: شوگر سیکنڈل میں ایف آئی اے طلبی۔۔ شہبازشریف نے بڑا فیصلہ کرلیا