(24نیوز)وزیر اعظم عمران خان کی سابق اور پہلی اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ المعروف جمائما خان نے پاکستان مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز کی جانب سے ان کے بچوں سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ 2004 میں پاکستان چھوڑنے کے بعد بھی مذہب مخالف حملے اب تک جاری ہیں اس قسم کی باتوں کی وجہ سے ہی پاکستان چھوڑا تھا۔
جمائما گولڈ اسمتھ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی گئی ٹوئٹ میں کہا کہ ’مریم نواز شریف نے یہ اعلان کیا ہے کہ میرے بچے یہودیوں کی گود میں پلے ہیں۔انہوں نے لکھا کہ میں نے ایک دہائی تک میڈیا اور سیاستدانوں کی جانب سے یہود مخالف حملوں ( اور ہفتہ وار قتل کی دھمکیوں اور میرے گھر کے باہر مظاہرے) کے بعد 2004 میں پاکستان چھوڑ دیا تھا لیکن یہ سلسلہ اب تک جاری ہے۔
بعد ازاں مسلم لیگ نون کی نائب صدر اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نوازنے جمائما گولڈ اسمتھ کے بچوں کے بارے میں دیئے گئے بیان پرسامنے آنے والے سخت ردِعمل کا جواب میں جمائما گولڈ اسمتھ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے آپ کی اور آ پ کے بیٹوں کی ذاتی زندگی میں کوئی دلچسپی نہیں،میرے پاس اور بہت کچھ کہنے اور کرنے کو ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ کے سابق شوہر دوسروں کے خاندانوں کے بارے میں زہر اگلتے رہتے ہیں۔ وہ یہ کرتے رہیں گے تو دوسروں کو بھی حربے استعمال کرنے آتے ہیں۔
یاد رہے کہ باغ آزاد کشمیر میں انتخابی جلسے سے خطاب میں مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے ان کی تنقید کا جواب دیا تھا، مریم نواز کا عمران خان کی جنید صفدر پر کی جانے والی تنقید پر کہنا تھا کہ جنید صفدر کیمبرج میں پاکستان کا نام روشن کر رہا ہے، وہ نواز شریف کا نواسا ہے، گولڈ اسمتھ کا نہیں ۔وزیراعظم عمران خان نے18 جولائی کو آزاد کشمیر کے ضلع میر پور خاص میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کے نواسے جنید صفدر پر تنقید کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں۔گرمی سے تنگ ادا کارہ صبا قمر کی سوئمنگ پول میں تیراکی کرتے نئی تصاویر وائرل
مریم نواز اور جمائما کے درمیان لفظی گولہ باری
Jul 20, 2021 | 20:41:PM