کوئی دوسری شادی کیوں کرتاہے؟

مناظرعلی

Jan 20, 2024 | 21:33:PM
کوئی دوسری شادی کیوں کرتاہے؟
کیپشن: کوئی دوسری شادی کیوں کرتاہے؟
سورس: 24 News
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ہمارامجموعی مسئلہ شاید یہی بن چکاہے کہ ہم چیزوں کو باریک بینی سے دیکھے بغیر ہی ایک رائے قائم کرلیتے ہیں اور پھر وہی رائے  پتھر پرلکیر کی طرح موقف بن جاتا ہے، المیہ یہ بھی ہے کہ ہم یہ رائے دوسروں کی زندگیوں پر قائم کرتے ہیں، دوسروں کی زندگیوں میں تانک جھانک کرنا اور پوری طرح خبر رکھ کر پھر اسے خود سے جڑے ہرشخص سے شئیر کرنا اور اب تو سوشل میڈیا پر اپلوڈ کرکے اسے وائرل کرنےکی خواہش بلکہ تڑپ رکھنا مشغلہ بن چکاہے۔
کیا ہم نے کبھی یہ بھی جاننے کی کوشش کی ہے کہ دوسروں کی زندگیوں میں مسائل کیوں ہوتے ہیں؟ کوئی کسی سے الگ کیوں ہوتاہے؟ آسمان پر بننے والے جوڑے زمین پر کیوں آکر ٹوٹ جاتے ہیں؟ کسی کی زندگی کیوں تباہ ہوجاتی ہے؟ خوشیاں کیوں روٹھ جاتی ہیں؟ کوئی باپ اپنے بچوں سے کیسے دور کردیاجاتاہے اور کوئی ماں  کیسے دکھ برداشت کرتی ہے؟ میاں بیوی کے درمیان ہنستی بستی زندگی کے پھول کیوں مرجھا جاتے ہیں؟ آنگن کیوں خزاں رسیدہ ہوجاتاہے؟ طلاقیں کیوں واقع ہوتی ہیں؟ لوگ دوسری شادی کیوں کرلیتے ہیں؟

یہ بھی پڑھیں: ’8 فروری 2024کو الیکشن نہیں ہوں گے‘
ہم ان سوالوں کے جواب نہیں جانتے، یا جاننا نہیں چاہتے  کیوں کہ ہمیں اس سے شاید کوئی سروکار ہی نہیں ہمیں ایک تفریح چاہیے، ہر آئے روز نئی تفریح، یہ انٹرٹینمنٹ چلتی رہے بس، لوگ چاہے غمزدہ رہیں، زندگیاں خراب ہوتی رہیں مگر ہم نے مزے مزے سے یہ باتیں کرنی ہیں، چسکے لینے ہیں، لطف اندوز ہونا ہے، ہم نے آنسو صاف کرنےکی کوشش نہیں کرنی، ہمیں مسئلے سلجھانے کی بجائے الجھانے میں لطف  آتاہے، ہم شاید درد ہی دینا جانتے ہیں، زخم ہی کرنا آتے ہیں، مرہم نہیں رکھنا چاہتے،ہمارے پاس درد ہے شاید اس کی دوا نہیں اور اگر ہے تو شاید ہم وہ دینا نہیں چاہتے۔
ہمارا آج کا ٹرینڈ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی علیحدگی اور پھر شعیب ملک کی نئی شریک حیات ثناجاوید ہے، اب ہم کچھ وقت یہ تفریح حاصل کریں گے جب تک کوئی نیا شکار نہیں آجاتا، ہم یہ جاننے کی کوشش نہیں کریں گے کہ کوئی دوسری شادی کیوں کرتاہے اور کوئی بچوں تک سے دور کیسے ہوجاتاہے؟ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی پچھلے کچھ عرصہ سے علیحدگی ہوچکی تھی اور اس بات کی تصدیق ثانیہ مرزا کے والدنے بھی کردی البتہ انہوں نے یہ ضرورکہا کہ یہ طلاق نہیں بلکہ خلع ہے مطلب کہ شعیب ملک نے طلاق نہیں دی بلکہ ثانیہ نے خلع لیا، یہ مؤقف تو ایک طرف کا ہے، شعیب ملک کس کرب میں ہوگا؟ اس کی زندگی میں کیا کچھ ایسا ہوگا جو وہ برداشت کرتا رہا ہوگا یہ کوئی نہیں جانتاکیوں کہ چاردیواری کے اندر، کمرے میں بہت باتیں، کئی رویے، بہت سے واقعات ہوتے ہیں جو راز ہی رہتے ہیں اور یہی راز علیحدگی کی وجہ بن جاتے ہیں، ہمیں ان رازوں کا علم نہیں ہوتا، ہم بس صرف یہ دیکھتے ہیں کہ علیحدگی ہوگئی، بہت برا ہوا، یا پھر اچھا ہوا، مرد نے ہی برا کیا ہوگا، مرد نے ہی زیادتی کی ہوگی، مرد ہوتے ہی ظالم ہیں وغیرہ،وغیرہ، جتنے منہ اتنی باتیں۔
حقائق جانے بغیر چہ مگوئیاں، تبصرے، سوشل میڈیا کی پوسٹیں، مجموعی طورپر یہ رویے دراصل معاشرے کی خوشیاں چھین رہے ہیں، معاشرے کو پستی کی طرف لیجارہے ہیں، کاش معاشرے کی بہتری کرنےوالے لوگوں کی تعداد بڑھ جائے، مثبت لوگ زیادہ ہوں، دکھ درد بانٹنے والی ایدھی صفت روحیں ہمارے جسموں میں داخل ہوجائیں اور شاید پھر یہ زندگی جنت بن جائے ورنہ تو یہ جہنم نما ہی رہے گی، کچھ کہنے،کچھ بولنے اور لعن طعن سے پہلے بحرحال آئندہ یہ ضرورسوچ لیجیے گا کہ کوئی دوسری شادی کیوں کرتاہے؟ شاید وجہ جان پائیں۔