بیکینگ سوڈے کا پانی پینے کا مشورہ دینا عائشہ عمر کو مہنگا پڑگیا

Dec 20, 2023 | 10:33:AM
بیکینگ سوڈے کا پانی پینے کا مشورہ دینا عائشہ عمر کو مہنگا پڑگیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)اداکارہ عائشہ عمر کی جانب سے لوگوں کو یومیہ بیکنگ سوڈا کا پانی پینے کا مشورہ دینے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد انہیں سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

پاکستانی اداکارہ عائشہ عمر  نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں شریک ہوئی تھیں، جہاں انہوں نے دیگر مسائل پر بات کرنے سمیت اپنی فٹنس پر بھی بات کی تھی۔

فٹنس کی بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایاتھا کہ وہ ہر روز صبح اٹھ کے پانی میں بیکنگ سوڈا ملا کر پیتی ہیں۔ان کی وائرل ہونے والی مختصر ویڈیو میں انہوں نے مداحوں کو مشورہ دیا کہ جن افراد کو تیزابیت کا مسئلہ ہے، وہ یومیہ بیکنگ سوڈا کا پانی پئیں۔

اداکارہ ویڈیو میں بتاتی نظر آتی ہیں کہ صبح و شام پانی کے ایک گلاس میں نصف چائے کا چمچ بیکنگ سوڈا ملا کر پینا جسمانی صحت کے لیے فائدہ مند ہوتا ہے۔

اداکارہ دلیل دیتی سنائی دیتی ہیں کہ چوں کہ بیکنگ سوڈا میں الکلی (alkali) دھات کے اجزا ہوتے ہیں، اس لیے یہ تیزابیت کے لیے فائدہ مند ہوتا ہے۔اداکارہ کہتی ہیں کہ کھیرے سمیت دیگر پھلوں اور سبزیوں کا جوس بنانا مشکل کام ہوتا ہے، اس لیے جن کو تیزابیت کا مسئلہ ہو وہ یومیہ دن میں دو دفعہ پانی میں بیکنگ سوڈا ملا کر پئیں۔

عائشہ عمر کی جانب سے لوگوں کو بیکنگ سوڈا کا پانی پینے کا مشورہ دیے جانے کے بعد انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا اور صارفین نے لکھا کہ اداکارہ کے مشورے کسی کے لیے صحت کے سنگین مسائل بھی پیدا کرسکتے ہیں۔ساتھ ہی کچھ صارفین نے ان کی باتوں کی تائید بھی کی اور لکھا کہ وہ بھی بیکنگ سوڈا پینے کے پانی میں استعمال کرتے رہے ہیں، انہیں اس سے فائدہ ملا۔

خیال رہے کہ بیکنگ سوڈا ایک خصوصی پاؤڈر ہے، جسے مختلف کھانوں اور غذاؤں کی تیاری میں استعمال کیا جاتا ہے۔

بیکنگ سوڈا میں ایسی نمکیات پائی جاتی ہیں، جس کی وجہ سے اسے دیگر کاموں میں بھی استعمال کیا جاتا ہے، جن میں واش رومز اور کچن کی صفائی سمیت دانتوں اور منہ کی صفائی اور کپڑوں کی دھلائی بھی شامل ہے۔