2024 کیلئے انساراج کی ایشیا پیسفک میں علاقائی قیادت پاکستان کو مل گئی

Jan 18, 2024 | 17:37:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) سال 2024 کے لئے انسراگ کی ایشیا پیسفک میں علاقائی قیادت پاکستان کو دے دی گئی۔

عالمی سطح پر آفات سے نمٹنے کے خاطر خواہ اقدامات کے پیش نظرسال 2024 کے لیے پاکستان کو علاقائی INSARAG (انٹرنیشنل سرچ اینڈ ریسکیو ایڈوائزری گروپ) کی قیادت سونپ دی گئی، اس حوالے سے ایک اعلی سطحی میٹنگ منعقد ہوئی جہاں نیوزی لینڈ کی جانب سے علاقائی چیئرمین شپ کا اعزازنیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پاکستان کومنتقل کیاگیا۔ 

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی سٹوڈنٹس کے وارے نیارے،سعودی سفیر نے خوشخبری سنادی

نو منتخب ریجنل چیئر کے طور پر چیئرمین این ڈی ایم اے کی نمائندگی ایگزیکٹو ڈائریکٹر پلانز رضا اقبال نے کی جنہوں نے چیئر کی جانب سے ایشیا پیسیفک خطے میں بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے اور آفات سے نمٹنے کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا، پاکستان کی قیادت میں این ڈی ایم اے نے قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے لیے اہم اقدامات کا خاکہ پیش کیا، اس سلسلے کی پہلی کوشش بین الاقوامی ریسکیو چیلنج (لاہور)، ایشیا پیسیفک زلزلہ رسپانس ایکسرسائز (لاہور)کا انعقاد کرانا ہے جہاں  پنجاب ایمرجنسی سروسزریسکیو 1122 کے تعاون سے زلزلے سے نمٹنے کے لیے ایک مشق کی میزبانی کرے گا، اس مشق اور ایشیا پیسیفک ریجنل میٹنگ (اسلام آباد) کے ذریعے زلزلہ زدہ علاقوں میں تیاری اور ہم آہنگی کو بڑھانے اور رکن ممالک کو آفات سے نمٹنے کے اقدامات پر حکمت عملی موثر بنانے اور تعاون بڑھانے میں مدد ملے گی۔

پاکستان کی جانب سے علاقائی صدارت کے حصول کے بعد آفات اور ہنگامی صورت حال اور در پیش اجتماعی مسائل سے نمٹنے کے لیے ایک فعال اور باہمی تعاون پر مبنی نقطہ نظر کا تصور پیش کرتے ہوئے یقین دلایا گیا کہ این ڈی ایم اے پاکستان بھر پور انداز میں اس سال کا خیر مقدم کرتا ہے جس میں ہم تجربات کے تبادلے، موثر ہم آہنگی اور معاونت کے ذریعے INSARAG کمیونٹی کو آفات سے نمٹنے کے لیے تیار کر یں گے۔ 

سوئس ایجنسی فار ڈیولپمنٹ اینڈ کوآپریشن (SDC) کے سفیر ڈومینک اسٹیل ہارٹ نو منتخب گلوبل چیئر نے INSARAG کے عالمی اقدامات کو آگے بڑھانے میں ایک اہم کردار ادا کیا، علاقائی چیئرکی لیگ میں شامل ہونے والے مسٹر ماریئس ڈوگیانو، وزارت داخلہ، رومانیہ (AEME ریجنل چیئر)، مسٹر جارج کیریلو، رسک مینجمنٹ سیکرٹری، ایکواڈور (امریکہ ریجنل چیئر) اور NDMA پاکستان نے ایشیا پیسیفک خطے کی نمائندگی کی، مسٹر سیباسٹین روڈس سٹیمپا، چیف ایمرجنسی رسپانس سیکشن (ERS) اور INSARAG سیکرٹریٹ سے INSARAG سیکرٹری نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: پہلی بار پنجاب حکومت نوجوانوں کو روزگار کیلئے کینیڈا بھیجے گی،اہم خبر آگئی

خیال رہے کہ INSARAG اقوام متحدہ کے تحت ایک عالمی نیٹ ورک ہے جس کا مقصد، آفات بلخصوص زلزلوں کی صورت میں شہری تلاش اور بچاؤ کے اقدامات میں بین الاقوامی سطح پر معاونت فراہم کرنا ہے، INSARAG  اپنے اقدامات کے ذریعے رکن ممالک کے درمیان موثرمعاونت اور ہم آہنگی پیدا کرنے اور آفات کے دوران امدادی کاروائیوں کو سر انجام دینے کے لیے کردار ادا کر تا ہے اور زلزلے اور سیلاب جیسی بڑی آفات کے بعد  انساراج (INSARAG) ایک عالمی لائف لائن کے طور پر کام کرتا ہے، انہوں نے دنیا بھر میں اربن سرچ اور ریسکیو ٹیموں کے لیے راہنما اصول مرتب کیے جن کو استعمال کرتے ہوئے تباہ شدہ عمارتوں اور آفت زدہ علاقوں سے متاثرین کو نکالنے کے لیے بین الاقوامی تعاون فراہم کیا جاتا ہے تا کہ کسی بھی ملک کو تنہا تباہی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔