احسان اللہ شکر کرے کہ وہ مجھ سے بچ گیا: محمد حارث

Feb 18, 2023 | 13:38:PM
احسان اللہ شکر کرے کہ وہ مجھ سے بچ گیا: محمد حارث
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) پشاور زلمی کے وکٹ کیپر بلے باز محمد حارث کا کہنا ہے کہ احسان اللہ شکر کرے کہ وہ مجھ سے بچ گیا۔ میں اس کو سمجھتا ہوں کہ وہ کونسے موقع پر کون سی گیند پھینکتا ہے۔

پاکستان سپر لیگ 8 PSL میں سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں جن میں بہت سے نئے کھلاڑی اپنی مہارت اور صلاحیتوں کے جوہر دکھا کر شاہقین کرکٹ سے داد سمیٹ رہے ہیں۔ ان کھلاڑیوں میں پشاور زلمی کے وکٹ کیپر محمد حارث، صائم ایوب اور ملتان سلطانز کے فاسٹ بالر احسان اللہ سرفہرست ہیں۔ 

پی ایس ایل 8 کے پانچویں مقابلے میں ان تینوں نوجوان کھلاڑیوں کے عمدہ کھیل پر سوشل میڈیا پر خوب چرچے ہو رہے ہیں۔ اس میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 56 رنز سے شکست دی لیکن پشاور زلمی کو بہترین آغاز دینے والے محمد حارث نے افسوس کا اظہار کیا کہ ان کو فاسٹ بالر احسان اللہ کی زیادہ گیندیں کھیلنے کا موقع نہیں مل سکا۔ 

میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ  احسان اللہ شکر کرے کہ وہ بچ گیا۔ جس طرح میرے بلے پر گیند لگ رہی تھی تو یہ اس کی خوش قسمتی ہے کہ وہ میرے سامنے نہیں آیا۔ میں ان کو اچھی طرح سمجھتا ہوں کہ وہ کس موقع پر کونسی گیند کرواتے ہیں۔ وہ کے پی کے کی ٹیم میں میرے ساتھ کھیل چکے ہیں۔ میں 10، 10اوورز تک ان کی گیند بازی پر کیپنگ کر چکا ہوں اور میں احسان اللہ کے لیے پلان کر کے آیا تھا لیکن بد قسمتی سے میں اس کی صرف 2 گیندیں ہی کھیل سکا۔ 

وکٹ کیپر بلے باز نے اسپینرز کے خلاف  بیٹنگ بہتر بنانے پر کامران اکمل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اسپینرز کےخلاف میرا کھیل بہتر بنانے میں بہت رہنمائی کی ہے۔ انہوں نے مجھے تین شارٹس سکھائے ہیں اور یہ بھی سکھایا ہے کہ کیسے اسپینرز کے خلاف اپنے قدموں کا استعمال کرنا ہے۔خوشدل کے خلاف چھکا مارنے کا کریڈٹ بھی کامی بھائی کو جاتا ہے اور مجھے اب بھی مزید بہتری کی ضرورت ہے۔

مزید پڑھیں: وقار یونس کی ویڈیوز دیکھ کر بولنگ کرانی سیکھی، ملتان سلطانز کے احسان اللہ کا انکشاف

بابر اعظم سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ کپتان نے مجھے پلان دیا کہ کس طرح کھیلنا ہے۔ انہوں نے مجھے بتایا کہ 6 اوورز کو کس طرح کھیلنا ہے پھر  اگلے 6 اوورز کا پلان اور پھر 3 اوورز کا پلان اور آخر میں 5 اوورز کے لیے پلان کرنا ہے۔پہلے 10 اوورز پھر اگلے 10 دس اوورز کا کیسے پلان کرنا ہے۔ بابر مجھے کہہ رہے تھے کہ آپ میں صلاحیت ہے کہ آپ ایک اوور میں  15سے  20 رنز آسانی سے لے سکتے ہیں اس لیے اپنی صلاحیت پر بھروسہ کرو۔ بابر بھائی نے مجھے یہ بھی بتایا کہ ہر بال پر شاٹ نہیں لگتی اس لیے آپ کو دیکھنا پڑتا ہے کہ کونسے بالر اور کونسی گیند کو ٹارگٹ کرنا ہے۔

پشاور زلمی کے وکٹ کیپر بلے باز کا مزید کہنا تھا کہ بابر اعظم نے انہیں 20 اوورز کا پلان دیا اور کہا کہ آپ نے صرف 6 اوورز نہیں کھیلنے آپ نے پورے 20 اوورز بھی کھیلنے ہیں، ون ڈے بھی کھلینے ہیں اور ٹیسٹ بھی کھیلنے ہیں۔ اس لیے ہمارا جو پلان تھا ہم نے وہ ہی کیا اور پہلے 6 اوورز کے پاور پلے کا جتنا فائدہ اٹھا سکتا تھا میں نے اٹھایا۔

واضح رہے کہ گزشتہ شب کھیلے جانے والے میچ میں محمد حارث 23 گیندوں پر 40 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر رن آؤٹ ہو گئے تھے اور ملتان سلطانز کے فاسٹ بالر احسان اللہ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔