حنیف عباسی کی بطور معاون خصوصی تقرری کیخلاف درخواست کی سماعت ملتوی

May 17, 2022 | 11:40:AM
   حنیف عباسی کی بطور معاون خصوصی تقرری کیخلاف درخواست کی سماعت ملتوی
کیپشن:    حنیف عباسی(فائل فوٹو)
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے حنیف عباسی کی بطور معاون خصوصی تقرری کے خلاف شیخ رشید کی درخواست کی سماعت میں ریمارکس دیئے کہ امید ہے آئندہ سماعت تک حنیف عباسی عوامی عہدہ استعمال نہیں کریں گے، معاون خصوصی کاکام وزیراعظم کو مشورہ دینا ہوتا ہے جوبغیر نوٹیفکیشن بھی دے سکتے ہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے وزیراعظم کے معاون خصوصی حنیف عباسی کےخلاف شیخ رشید کی درخواست پر سماعت کی جس سلسلے میں شیخ رشید عدالت  میں پیش ہوئے جب کہ حنیف عباسی  کی طرف سے صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن احسن بھون بطور وکیل عدالت میں پیش ہوئے۔

 دورانِ سماعت جسٹس اطہر من اللہ نے کہاکہ اگرکوئی سزایافتہ ہوتو وہ پبلک آفس ہولڈ نہیں کرسکتا، اس پر احسن بھون نے کہا کہ میں عدالت کی معاونت کروں گاکہ معاون خصوصی کاعہدہ دیگر پبلک آفسز جیسا نہیں۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دیے کہ حنیف عباسی کو آئندہ سماعت تک وزیراعظم کے معاون خصوصی کے طورپرکام سے روک دیتے ہیں، اس پر احسن بھون نے مؤقف اپنایا کہ ایسا آرڈر نہ کریں، یہ تو حتمی ریلیف ہوجائے گا۔

بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ  نے کیس  کی مزید سماعت 27 مئی تک ملتوی کردی۔