مہنگائی نیچے نہیں آئےگی۔۔وزیر خزانہ شوکت ترین نے خبر دار کردیا 

Oct 16, 2021 | 10:41:AM
شوکت ترین نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے کی وجہ بتا دی
کیپشن: وزیر خزانہ، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

  (24نیوز)وزیر خزانہ شوکت ترین نے مہنگائی میں کمی نہ ہونے سے خبر دار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف پاکستان میں نہیں دنیا بھر میںپٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے اوراشیا مہنگی ہو رہی ہیں ، کیوں ہورہی ہیں اس کی وجہ معلو م نہیں،ابھی مہنگائی نیچے نہیں آئےگی ۔کورونا وبا کے اثرات کم ہوں گے تو مہنگائی نیچے آئےگی ۔ واشنگٹن میں سیکریٹری خزانہ یوسف خان، گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر اور امریکا میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ ہمارے پاس ڈیٹا بیس آگیا ہے جس سے پتا لگایا جاسکتا ہے کہ ہرگھرمیں آمدن کتنی ہے،ملک کی 40 فیصد آبادی کو ٹارگٹڈ سبسڈی دیں گے۔ اگلے 4 سے 5 سال میں ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح 20 فیصد تک لے کر جائیں گئے، توانائی سیکٹر کے لئے معاہدے ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے ایک ارب ڈالر ملنے کی توقع ہے،آئی ایم ایف کو اعدادوشمار دے دیے ہیں وہ آئندہ دو چار روز میں توثیق کریں گے۔شوکت ترین نے کہا کہ امریکی نائب معاون وزیرخارجہ سے ملاقات میں کہا ہے کہ غلطیاں دونوں اطراف سے ہوئیں، اب آگے بڑھنا چاہئے۔
 شوکت ترین نے کہا کہ موجودہ حکومت معاشی پسماندہ طبقے کر اوپر اٹھانے کی سوچ کے ساتھ سود سے پاک قرضہ سکیم بھی لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے سٹرکچرل اصلاحاتی اقدامات کو سراہا گیا ہے، ملکی معیشت کی بہتری کے لئے جامع اقدامات کیے جا رہے ہیں جن میں ٹریک اینڈ ٹریس برائے پاکستان ٹوبیکو، سیمنٹ ، چینی اور بیوریجز انڈسٹری کی بہتری شامل ہے۔ ہم آئندہ 4 سے 5 سال میں ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح 20 فیصد تک لے کر جائیں گے۔ 
وزیر خزانہ نے کہا کہ موجودہ حکومت اور سٹیٹ بینک کی جانب سے ترسیلات زر کے باضابطہ چینلز کے استعمال کی حوصلہ افزائی کیلئے فعال پالیسی جیسے اقدامات ، کوویڈ 19 کے پیش نظر سرحد پار سفر کو کم کرنے اور غیر ملکی زرمبادلہ مارکیٹ کے حالات نے گزشتہ سال سے ترسیلات زر کی آمد میں مسلسل بہتری اور مثبت کردار ادا کیا ہے۔ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران مجموعی طور پر 8 ارب ڈالر کی ترسیلات زر میں 12.5 فیصد اضافہ ہوا۔ ستمبر 2021 کے دوران ترسیلات زر کی آمد بنیادی طور پر سعودی عرب سے حاصل کی گئی جو کہ 681 ملین ڈالر تھی جبکہ متحدہ عرب امارات 502 ملین ، برطانیہ سے 370 ملین اور امریکہ سے 245 ملین ڈالر تھیں۔ شوکت ترین کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ستمبر 2021 کے دوران 2 ارب 70 کروڑ ڈالر کی آمد کے ساتھ ترسیلات زر نے اپنی مضبوط رفتار جاری رکھی ہے، جون 2020 سے 2 بلین ڈالر سے زیادہ پر قائم ہے۔ یہ مسلسل 7 واں مہینہ ہے جب آمدنی اوسطا 2.7 بلین ڈالر ریکارڈ کی گئی، شرع نمو کے لحاظ سے ستمبر کے مہینے میں ترسیلات زر میں 16.9 فیصد سالانہ اضافہ ہوا جبکہ ماہانہ بنیادوں پر آمدنی میں 0.5 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:    پی ٹی آئی کے دو اراکین اسمبلی میں شدید اختلافات