بھارت میں مقامی طور پر تیار کورونا ویکسین لگانے کا آغاز
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)دنیا بھر میں امریکا کے بعد کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملک بھارت میں ویکسینیشن کا آغاز ہو گیا ہے جس میں مقامی سطح پر تیار کردہ 2 کورونا ویکسینز لگائی جائیں گی ۔
تفصیلات کے مطابق کلکتہ میں 35 سالہ نرس سانتا روئے کو کورونا ویکسین کا ٹیکہ لگا کر ملک بھر میں ویکسینیشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔ رواں برس جولائی تک 30 کروڑ افراد کو ویکسین لگانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے جس کی وجہ سے یہ دنیا کی سب سے بڑی ویکسینیشن مہم ہے۔
بھارتی وزارت صحت کے مطابق کورونا ویکسینیشن کےلئے بچوں کے حفاظتی ٹیکے لگانے کی مہم اور الیکشن مہم کے آزمودہ ماڈلز کو استعمال کیا جائے گا جس کے لئے ایک لاکھ 50 ہزار تربیت یافتہ طبی عملے کی ٹیم بنائی گئی ہے۔
ابتدائی طور پر 3 کروڑ ڈاکٹرز اور طبی عملے کو ٹیکے لگائے جائیں گے جس کے بعد 60 سال سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین لگائی جائے گی اور پھر عام شہریوں کی باری آئے گی۔
دور دراز دیہاتوں میں محفوظ حالت میں ویکسین کی فراہمی کے لئے حکومت نے بڑے پیمانے پر ریفریجریشن کا انتظام کیا ہے جب کہ پورے ملک میں ترسیل کے لئے ڈیجیٹل نظام بھی متعارف کرایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ویکسین کی سیکیورٹی کا بھی انتظام بھی کیا گیا ہے۔
بھارت میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد ایک کروڑ پانچ لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ اس مہلک وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 52 ہزار ہے۔