لیسکو کا بڑا کارنامہ ،46 یونٹس کا بل 2 کروڑ 35 لاکھ بھیج دیا 

Feb 16, 2024 | 21:46:PM
لیسکو کا بڑا کارنامہ ،46 یونٹس کا بل 2 کروڑ 35 لاکھ بھیج دیا 
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز ) مہنگائی کے ہاتھوں پریشان عوام کو ایک طرف مہنگی بجلی ،گیس اور پیٹرول نے مار رکھا ہے تو دوسری جانب سرکاری ادارے بھی عوام کا خون ،پسینہ    نکالنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے ، اگر یوں کہا جائے خون اور پسینے کی کمائی نکلوانے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے  تو زیادہ مناسب ہے ، اس کام میں سب سے زیادہ ماہر واپڈا نظر آتا ہے  اور اب گرمی  آنے سے قبل ہی اس محکمے نے عوام کی جیبیں ڈھیلی کروانے  کی تیاری پکڑ لی ہے اور اس کام کیلئے کیا غلط کیا صحیح ان کے خاطے میں سب برابر ہے جس کی عملا مثال  بھی سامنے آ گئی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق لیسکو نے  اپنے صارف کو صرف 46 یونٹس بجلی استعمال کرنے پر 2 کروڑ 35 لاکھ روپے بل بھیج دیا ہے ،  سامنے آ نے والے بل میں واضح دیکھا جا سکتا ہے  کہ صارف کی پچھلے ماہ کی ریڈنگ 8221 تھی اور اس ماہ کی ریدنگ 8267 ہے اور بل پر لیسکو ملازم کی جانب سے لی گئی تصویر بھی پرنٹ ہے جو کہ واضح ثبوت ہے کہ لیسکو صارف نے صرف 46 یونٹس بجلی ہی جنوری میں استعمال کی لیکن اس کے باوجود لیسکو نے  بجلی صارف کے کھاتے میں 4 لاکھ 8 ہزار 67 یونٹس بجلی ڈالتے  ہوئے 2 کروڑ 35 لاکھ 23 ہزار سے زائد کا بل بھیج دیا۔

واضح رہے کہ نیپرا نے گزشتہ برس ایک تحقیقاتی رپورٹ بھی جاری کی تھی جس میں انکشاف کیا گیا تھا کہ  بجلی تقسیم کار کمپنیاں مختلف حیلے بہانوں سے صارفین کو اضافی بل بھیجتی ہیں ، نیپرا کی جانب سے کی جانے والی انکوائری میں انکشاف کیا گیا ہے کہ جولائی اور اگست 2023 کے بجلی بلوں میں صارفین سے زیادہ پیسے وصول کیے گئے، انکوائری رپورٹ کے مطابق ملتان الیکٹرک پاور سپلائی کمپنی کے 57 لاکھ صارفین سے جولائی میں ایک مہینے سے زائد کی میٹر ریڈنگ پر بجلی کے بل وصول کے گئے، گوجرنوالہ الیکٹرک پاور سپلائی کمپنی میں اگست کے مہینے کے بجلی بلوں میں ایک مہینے سے زیادہ کی ریڈنگ پر بل بھیجے گئے اور زیادہ بل ادا کرنے والے صارفین کی تعداد 12 لاکھ تھی۔
فیصل آباد الیکٹرک پاور سپلائی کمپنی کے آٹھ لاکھ سے زائد صارفین سے اگست کے بجلی بلوں میں ایک مہینے کے زائد کی ریڈنگ پر بجلی کے بل وصول کیے گئے، لاہور الیکٹرک پاور سپلائی کمپنی کے سات لاکھ صارفین نے بھی دونوں ماہ میں 30 دن سے زیادہ کی ریڈنگ کے بل ادا کیے،حیدر آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے پانچ لاکھ صارفین کو جولائی کے مہینے میں اضافی بل ادا کرنا پڑا ، اسی طرح اسلام آباد الیکٹرک پاور سپلائی کمپنی ، پشاور الیکٹرک پاور سپلائی کمپنی ، سکھر الیکٹرک پاور سپلائی کمپنی اور کوئٹہ الیکٹرک پاور سپلائی کمپنی کے صارفین کو بھی 30 دن سے زائد کی ریڈنگ پر بجلی کے بل ادا کرنا پڑے۔

یہ بھی پڑھیں ؛پی ٹی آئی کی گرفتار کارکن طیبہ راجہ جیل سے رہا