"لہو سے دھرتی کا قرض چکایا گیا،سیاسی رہنماؤں کے پیغامات"

Dec 16, 2020 | 12:43:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) سانحہ اے پی ایس کو 6سال بیت گئے لیکن اس افسوسناک واقعے کے زخم آج بھی تازہ ہیں، اندوہناک سانحے کو سیاسی رہنماؤں نے انسانیت کے لئے تاریک دن قرار دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے آرمی پبلک سکول پشاور کے شہدا کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج کا دن شہدا کی عظیم قربانیوں کی یاد تازہ کرتا رہے گا، قوم اے پی ایس کے بچوں اور اساتذہ کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

سردار عثمان بزدار نے کہا کہ اے پی ایس کے معصوم بچو ں نے اپنے لہو سے محفوظ اور پر امن پاکستان کی تاریخ لکھی، عظیم قربانیوں کے طفیل قوم کا مثالی اتحاد اور اتفاق سامنے آیا، شہید بچوں کی عظیم قربانیوں نے قوم کو نیا حوصلہ اورعزم دیا، جس کے باعث سفاک دشمن کو شکست ہوئی اور پاکستان امن کا گہوارہ بنا،آج کے دن شہید بچوں ، اساتذہ اور ان کے خاندانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر آرمی پبلک سکول پشاور کے شہدا کو سلام عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں فخر ہے ان شہدا پرجنہوں نے اپنا آج ہمارے کل کیلئے قربان کیا، شہدا نے اپنے لہو سے دھرتی کا قرض چکایا،تا قیامت یاد رکھا جائیگا۔

  

وفاقی وزیر اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ آج سے چھ سال پہلے پاکستان ہی نہیں انسانیت کے لئے تاریک دن تھا، سولہ دسمبر کی ہی شام اے پی ایس پشاور کے زخمی بچوں سےملنےپہنچے۔

اسد عمر نے کہا کہ ایک بچےکی بہادری آج بھی یادآتی ہے، ایک قیامت گزرنے کے باو جود اس کا حوصلہ بلند تھا، اللہ سب کے بچوں کو شر سے محفوظ رکھے۔

وزیر اطلاعات کے پی کے کامران بنگش نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ آرمی پبلک سکول کے سانحہ کو چھ سال گزرگئے، آج کے دن سفاک دُشمن نے ہمارے ننھے پھول شہید کئے، ہمارے دلوں اور روح کو زخمی کیا لیکن ہمارے حوصلے اور دلیری کو للکارا، ایک قوم ایک ملت کے جذبے سے ہم متحدہوئے اور ابھرے، ہم نہیں بھولے۔

  سپیکر کے پی اسمبلی مشتاق غنی نے بھی سانحہ آرمی پبلک سکول کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا کہ قوم اے پی ایس کے شہدا اور ان کے لواحقین کی قربانی یاد رکھے گی۔

 ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے بھی سانحہ اے پی ایس کی چھٹی برسی پر اپنے پیغام میں کہا کہ سانحہ آرمی پبلک سکول کو رہتی دنیا تک فراموش نہیں کیاجاسکتا، سانحے کو یاد کرکے آج بھی آنکھیں نم ہوجاتی ہیں۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ پیپلزپارٹی شہدا کے والدین کے ساتھ کھڑی ہے، معصوم شہیدوں کی لازوال قربانی رائیگاں نہیں جائےگی ۔