امپورٹڈ حکومت کو کسی صورت قبول کر سکتے ہیں اور نہ ہی کریں گے، عمران خان 

May 15, 2022 | 21:33:PM
عمران خان، مسلمان، کسی کے سامنے نہیں جھکتا
کیپشن: عمران خان فیصل آباد جلسے سے خطاب کرتے ہوئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہناہے کہ حضورﷺ نے 1500 سال پہلے بتا دیا تھا مسلمان کسی کے سامنے نہیں جھکتا، جو سپرپاور سے ڈرتے ہیں وہ شرک کرتے ہیں ، بڑاانسان بننے کیلئے خوف کا بت توڑنا ضروری ہے،میر صادق اور میر جعفر کی وجہ سے چوروں کی حکومت ہم پر مسلط کی گئی ،امپورٹڈ حکومت کو ہم کسی صورت قبول کر سکتے ہیں اور نہ ہی کریں گے، ان چوروں کو مسلط کرکے 22 کروڑ عوام کی توہین کی گئی۔
فیصل آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ ملک کی دولت میں ایکسپورٹ بڑھائے بغیر اضافہ نہیں ہوتا،تحریک انصاف کی حکومت نے ریکارڈ ایکسپورٹ کیں،فیصل آباد کی ترقی اور خوشحالی ملک کی ترقی و خوشحالی ہے،کیا فیصل آباد میری کال پر اسلام آباد کیلئے تیار ہے؟۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں گرمی بہت ہے،اگر میرے لئے گرمی نہیں تو میرے نوجوانوںکیلئے بھی نہیں ہے،ملک کی دولت میں اضافہ ہو رہاتھا، ریکارڈ ٹیکس اکٹھا کر رہے تھے،کسانوں کو ریکارڈ پیسہ ملا، چار فصلوں کی ریکارڈ پیداوار ہوئی ،11 سالوں میں سب سے تیزی سے پاکستان کی انڈسٹری بڑھ رہی تھی۔
سابق وزیراعظم نے کہاکہ ملک کے خلاف امریکا میں سازش تیار ہوئی،میر جعفر اور میرصادق نے سازش کے ذریعے حکومت کو گرایا،اب جو لوگ حکومت میں بیٹھے ہیں بتائیں کیا آپ سے ملک سنبھل رہا ہے،روپیہ ہر روز گر رہا ہے، سٹاک مارکیٹ گر رہی ہے، مہنگائی بڑھ رہی ہے،ان کا کہناتھا کہ مجھے سب سے مشکل معاشی حالات دیئے جس میں سے نکل گیا،اتنے بڑے کورونا جیسے بحران سے بھی ہم اللہ کے کرم سے نکل گئے ، معیشت بھی اوپر جانے لگی، انڈسٹری بھی چل پڑی،کسانوں کے پاس بھی پیسہ آگیا تو سازش کرکے حکومت گرا دی،پاکستان میں جب بھی حکومت جاتی ہے لوگ مٹھائیاں بانٹتے ہیں ، انہوں نے دیکھا لوگ مٹھائیاں بانٹنے کے بجائے سڑکوں پر آگئے ہیں ، میں نے ملک میں اس طرح لوگوں کو سڑکوں پر نکلتے نہیں دیکھا ،جب دیکھا اسلام آباد میں عوام کا سمندر آنے لگا ہے تو فیصلہ کیا اسے دنیا سے فارغ کیا جائے ۔
انہوں نے کہا کہ ایک ویڈیو ریکارڈ کی ہے جس میں سازش میں ملوث ہر شخص کا نام لیا ہے،ہمارے ملک میں کبھی بھی طاقتور مجرم کو نہیں پکڑا جاتا،لیاقت علی خان کے قاتل کو نہیں پکڑا گیا،بھٹو کے عدالتی قتل پر کسی کو سزا نہیں ملی، ضیا الحق کا جہاز کس نے گرایا کسی کو نہیں پتہ چلا،اس لئے میں نے فیصلہ کیا قوم کو پتہ چلنا چاہئے سازش کے پیچھے کون تھا،انہوں نے کہاکہ حضورﷺ نے 1500 سال پہلے بتا دیا تھا مسلمان کسی کے سامنے نہیں جھکتا، جو سپرپاور سے ڈرتے ہیں وہ شرک کرتے ہیں ، بڑاانسان بننے کیلئے خوف کا بت توڑنا ضروری ہے،میر صادق اور میر جعفر کی وجہ سے چوروں کی حکومت ہم پر مسلط کی گئی ،امپورٹڈ حکومت کو ہم کسی صورت قبول کر سکتے ہیں اور نہ ہی کریں گے، ان چوروں کو مسلط کرکے 22 کروڑ عوام کی توہین کی گئی۔
عمران خان نے کہاکہ رانا ثنا اللہ کو وزیر داخلہ بنا کر فیصل آباد والوں کی توہین کی گئی ، باپ بیٹے پر کیس چل رہا تھا اور انہیں وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بنا دیاگیا،اس نے آتے ہی ایف آئی اے کے افسران کو فارغ کردیا جو تفتیش کر رہے تھے،ان افسران میں ایک ڈاکٹر رضوان کو ہارٹ اٹیک ہو ا وہ انتقال کرگیا، تفتیش کرنے والے دوسرے افسر نعمان اصغر کو بھی ہارٹ اٹیک ہو گیا۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہاکہ سپریم کورٹ سے عاجزی سے کہتا ہوں اس پر سوموٹو ایکشن لیں،ہمارے اوپر تو آپ نے اتوار کو بھی سوموٹو لے لیا تھا،پتہ نہیں ہم نے کیا ظلم کردیا تھا، ہم نے تو صرف الیکشن کا کہاتھا،پتہ کرائیں کہ ڈاکٹر رضوان اور نعمان اصغر کو ہارٹ اٹیک کیسے ہوا،ان کا کہناتھا کہ ایسا زہر ملتا ہے جو کھانے میں ڈال دیا جائے تو ہارٹ اٹیک ہو جاتا ہے۔
عمران خان نے کہاکہ بڑے ڈاکوﺅں کو نہیں پکڑنا تو پھر جیلوں میں بند چھوٹے چوروں کو بھی چھوڑ دیں، اگر مجھے کچھ ہوا تو آپ نے مجھے انصاف دلانا ہے ، ویڈیو میں جن کا نام لیا ہے ہر ایک کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنا،جوقومیں انصاف نہیں کر سکتیں وہ تباہ ہو جاتی ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ قوم جب میری ویڈیو دیکھے تو مجھے اور ملک کو انصاف دلائے،آپ نے کبھی بھی کسی کی بھی غلامی قبول نہیں کرنی ،کسی ایسی پارٹی کو ووٹ نہ دیں جن کے لیڈروں کا پیسہ باہر پڑا ہو،چیئرمین تحریک انصاف نے کہاکہ یہ امریکا جائیں گے اور کہیں گے پیسہ دے دو ورنہ عمران خان واپس آ جائے گا،یہ امریکیوں کو میرانا لے کر ڈرائیں گے، امریکی جب تک ان کے گلے میں زنجیر نہ ڈال دیں ان کی مدد نہیں کریں گے۔
عمران خان نے کہاکہ امریکا روس سے سستا تیل اور سستی گندم لینے سے بھی منع کرے گا، امریکا ان کو ایران سے سستی گیس لینے سے بھی منع کرے گا۔انہوں نے کہاکہ ہمیں الیکشن کی تاریخ چاہئے۔