شہر قائد میں4 دن سے پانی کا  بحران۔۔عوام پریشان

Jul 15, 2021 | 10:08:AM
شہر قائد میں4 دن سے پانی کا  بحران۔۔عوام پریشان
کیپشن: فوٹو(فائل)
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)کراچی میں چار دن سے پانی کا شدید ترین بحران ہے، بجلی کے بریک ڈاؤنز کے باعث بیک پریشر ہوا اور شہر کو پانی فراہم کرنے والی 10 میں سے 3 لائنیں پھٹ گئیں۔ شہر کے متعدد علاقے بری طرح متاثر ہیں۔ مکین پریشانی میں مبتلا ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق  کراچی کو پانی کی فراہمی کا نظام بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث مفلوج ہوکر رہ گیا ، واٹر بورڈ حکام کے مطابق کراچی کو72 انچ قطر کی 10لائنوں سے پانی فراہم کیا جاتا ہے، تاہم گزشتہ تین دن کے دوران چار بار بجلی کابریک ڈاؤن ہوا جس سے بیک پریشر ہوا اور 3 لائنیں پھٹ گئیں۔متعلقہ حکام کے مطابق کراچی کا پانی دھابیجی سے 60 کلومیٹر کینال کے ذریعے کشش ثقل کے ذریعے پہنچتا ہے پھر انہیں 72 انچ قطر کی 10مختلف لائنوں کے ذریعے آگے منتقل کیا جاتا ہے، اس دوران بجلی بند ہوجائے تو لاکھوں گیلن پانی واپس لوٹتا ہے اور لائنیں پھٹ جاتی ہیں۔لائنیں متاثر ہونے کے باعث گلشن اقبال، گلستان جوہر، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، پی ای سی ایچ ایس سمیت درجنوں علاقے پانی کی قلت کا شکار ہیں۔ایم ڈی واٹر بورڈ کا دعویٰ ہے کہ جمعے تک لائنوں کی مرمت سمیت پانی کی مکمل بحالی شروع کردی جائے گی۔

 دوسری جانب چیف انجینئر دھابیجی انتخاب احمد نے بتایا کہ 4 روز میں 90 کروڑ گیلن پانی کم فراہم ہوا ، ریزیڈنٹ انجینئر کے مطابق بجلی کے ایک بریک ڈاؤن سے جو خرابی پیدا ہوتی ہے اسے بحال کرنے میں3 روز لگ جاتے ہیں۔

 یہ بھی پڑھیں: کورونا وبا میں تیزی،مزید 47 افراد جاں بحق،مثبت شرح5.2فیصد