نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا دورہ ملتان، متعدد ترقیانی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا

Feb 15, 2024 | 00:00:AM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی ملتان پہنچے جہاں انہوں نے نشتر ون ہسپتال کے اپ گریڈڈ وارڈز کا افتتاح کیا۔

نگران وزیراعلیٰ نے ہسپتال کی اپ گریڈڈ ریڈیالوجی، پیڈز میڈیسن، سرجیکل اور دیگر وارڈز کا دورہ کیا اور اعلیٰ معیار کے اپ گریڈیشن کے کام پر اطمینان کا اظہار کیا، انہوں نے محکمہ تعمیرات و مواصلات کے ایکسیئن محمد حیدر اور ان کی ٹیم کی کاکردگی کو سراہا۔

اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ ہسپتال اپ گریڈ کر دیا گیا ہے، اس کا خیال رکھنے کی ذمہ داری ہسپتال انتظامیہ اور ڈاکٹرز کی ہے، نشتر ون ہسپتال کی اپ گریڈیشن کیلئے پوری ٹیم نے دن رات محنت کی، شاباش کے مستحق ہیں۔

اس دوران سیکرٹری صحت اور سیکرٹری تعمیرات و مواصلات نے بریفنگ کے دوران انہیں بتایا گیا کہ حیات نو سکیم کے تحت ڈیڑھ ارب روپے کی خطیر رقم سے 16 وارڈز کی اپ گریڈیشن کی جارہی ہے جبکہ پہلے مرحلے میں نشتر ون ہسپتال کے 8 وارڈز کو جدید سہو لتوں سے آراستہ کرکے اپ گریڈ کیا جاچکا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: پی سی بی معاملات میں بہتری اور اہم فیصلوں کا اختیار محسن نقوی کو مل گیا

اس کے بعد نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے قلعہ کہنہ قاسم باغ کی تزئین و آرائش اور بحالی کے پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا جہاں انہیں اس حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔

بریفنگ کے بعد وزیراعلیٰ پراجیکٹ کو بروقت مکمل کرنے اور قلعے کے گرد فصیل کو اصل حالت میں بحال کرنے کی ہدایت کی۔

نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ قلعہ کہنہ قاسم باغ ملتان کا تاریخی ورثہ ہے جو بحالی کے بعد سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنے گا۔

اس موقع پر چئیرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، سیکرٹری صحت، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، ملتان کے کمشنر، آر پی او، سی پی او، ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔