ملائیشین ایئرلائنز کی پرواز میں بم کی افواہ، پاکستانی نژاد آسٹریلوی شخص گرفتار

Aug 15, 2023 | 19:09:PM
ملائیشین ایئرلائنز کی پرواز میں بم کی افواہ، پاکستانی نژاد آسٹریلوی شخص گرفتار
کیپشن: ان جرائم کی زیادہ سے زیادہ سزا 10 سال قید اور 15 ہزار آسٹریلوی ڈالرز سے زائد جرمانہ ہے۔
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) آسٹریلوی پولیس نے ملائیشین ایئرلائنز کی پرواز میں بم کی دھمکی دینے والے شخص پر فرد جرم عائد کردی۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق آسٹریلوی پولیس نے پاکستانی نژاد آسٹریلوی شہری محمد علی عارف پر فرد جرم عائد کی ہے کہ اس نے مبینہ طور پر سڈنی سے کوالالمپور جانے والی ملائیشین ایئرلائنز کی پرواز میں دھماکہ خیز مواد رکھنے کا دعویٰ کیا اور اسے واپس سڈنی جانے پر مجبور کیا۔

آسٹریلوی فیڈرل پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ 45 سالہ شخص پر طیارے کو نقصان پہنچانے کی دھمکی کے بارے میں غلط بیان دینے اور کیبن کریو کی حفاظتی ہدایات پر عمل نہ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے، ان جرائم کی زیادہ سے زیادہ سزا 10 سال قید اور 15 ہزار آسٹریلوی ڈالرز سے زائد جرمانہ ہے۔

پولیس نے بتایا کہ فلائٹ MH122 پیر کی سہ پہر سڈنی سے ملائیشیا کے شہر کوالالمپور کیلئے روانہ ہوئی اور تقریباً تین گھنٹے بعد اس وقت سڈنی واپس آئی جب پرواز کے دوران مسافر نے فلائٹ میں خلل ڈالا، جس کی بناء پر پرواز کو واپس لینڈ کرنا پڑا، حفاظتی اقدامات کو مدنظر رکھتے ہوئے مسافروں اور عملے کو طیارے سے نکالنے کے بعد اس شخص کو گرفتار کرلیا گیا، تاہم اس واقعے کی وجہ سے 32 ڈومیسٹک فلائٹس منسوخ کردی گئیں اور دیگر اندرون ملک پروازیں 90 منٹ تک تاخیر کا شکار ہوئیں تاہم اس دوران کوئی بین الاقوامی پرواز منسوخ نہیں ہوئی۔

یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ گرفتار شخص نے اپنے سیل سے نکلنے سے انکار کرتے ہوئے عدالت میں اپنی پہلی پیشی میں بھی تقریباً تین گھنٹے کی تاخیر کی، محمد علی عارف کو منگل کی صبح ویڈیو لنک کے ذریعے سڈنی کے ڈاؤننگ سینٹر کی مقامی عدالت میں پیش ہونا تھا جہاں قانونی امداد کا ایک وکیل کمرہ عدالت میں ملزم کی پیشی کا انتظار کر رہا تھا لیکن اس نے اپنے سیل سے باہر آنے سے انکار کیا اور عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم نے غیرمتوقع طور پر اپنی نمائندگی خود کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

گرفتار شخص کے وکیل مصطفیٰ داؤدی نے عدالت میں کہا کہ ان کا مؤکل دماغی صحت کے سنگین مسائل میں مبتلا ہے، اس لیے دماغی صحت کے جائزے کا حکم دیا جائے، ہمارے ایک ساتھی نے محمد علی عارف سے بات کی تھی تاہم اس نے دوبارہ بات کرنے کیلئے اپنا سیل چھوڑنے سے انکار کیا، اس لیے سماعت کو چند گھنٹوں کیلئے روکا جائے تاکہ میں اپنے مؤکل سے ذاتی طور پر بات کرنے کیلئے پولیس اسٹیشن جا سکوں۔

مبینہ طور پر علی عارف ماضی میں پاکستان کی شوبز انڈسٹری سے منسلک رہے ہیں اور انہوں نے ’کالج جینز‘ جیسے مشہور اور سپرہٹ سِٹ کام میں اداکاری کی ہے۔ اس کے علاوہ علی عارف نے متعدد میوزک ویڈیوز میں بھی کام کیا ہے جن میں گلوکار ابرار الحق کا گانا ’پریتو‘ خاصا مشہور ہوا تھا۔ علی عارف نے 2002ء میں  نیشنل کالج آف آرٹس لاہور سے اپنی تعلیم مکمل کی۔