غزہ کے ہسپتالوں،سکولوں اور پناہ گاہوں پر اسرائیلی حملے ، مزید 46 افراد شہید

Nov 14, 2023 | 11:40:AM
غزہ میں اسرائیلی بربریت کی انتہا،اسپتالوں،اسکولوں اور پناہ گاہوں پر حملے ،مزید46 افراد شہید
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)غزہ میں اسرائیلی بربریت کی انتہا،اسپتالوں،اسکولوں اور پناہ گاہوں پر اسرائیل کے وحشیانہ حملے جاری،عالمی ادارہ صحت کے مطابق غزہ کا سب سے بڑا اسپتال تیزی سے قبرستان میں تبدیل ہو رہا ہے،اسرائیلی فوج کی جبالیہ کیمپ اور خان یونس میں متعدد عمارتوں پر بمباری، جبالیہ میں 12عمارتیں مکمل تباہ ہوگئیں ، کم از کم 31 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے ، خان یونس میں 15افراد شہید ہوگئے،شہدا کی مجموعی تعداد 11 ہزار 240 ہوگئی،جن میں 8 ہزار خواتین اور بچے شامل  ہیں۔

غزہ میں مسلسل 38 ویں روزبھی اسرائیلی طیاروں کی بمباری جاری ہے، 7 اکتوبر سے اب تک شہید فلسطینیوں کی تعداد 11 ہزار 240 سے زیادہ ہوگئی ہے۔فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی کا سلسلہ جاری ہے، 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی بمباری سے 4 ہزار 630 بچے، 3 ہزار 130 خواتین سمیت 11 ہزار 240 معصوم فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت سے اب تک طبی عملے کے 189 افراد شہید ہوگئے ہیں۔اس کے علاوہ اسرائیلی بمباری سے 41 ہزار 120 رہائشی املاک تباہ ہوئیں، بمباری سے 94 سرکاری عمارتیں تباہ اور 71 مساجد بھی شہید ہوئیں جبکہ بمباری سے 253 اسکولوں کی عمارتیں بھی تباہ ہوئیں۔

 سکول بند،3 ہزار 117 طلبا شہید

فلسطینی ادارہ شماریات کے مطابق غزہ میں 7 اکتوبر سے اب تک اسکول کے 3 ہزار 117 طلبا شہید ہوئے ہیں جبکہ مغربی کنارے میں بھی24 طلبا شہید کیے گئے۔اسرائیلی بمباری سے 130 اساتذہ اور تدریسی عملہ شہید ہوا ہے، 7 اکتوبر سے غزہ کے تمام اسکول بند ہیں،6 لاکھ 8 ہزار طلبا تعلیم سے محروم ہیں۔فلسطینی ادارہ شماریات کے مطابق غزہ کے 239 سرکاری اور اقوام متحدہ کے اسکولوں پر بمباری کی گئی۔

اسرائیل کو غزہ کا الشفا اسپتال بچانا ہوگا:جوبائیڈن
دوسری جانب امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ اسرائیل کو غزہ کا الشفا اسپتال بچانا ہوگا،اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی حکام سے اس حوالے سے رابطہ بھی کریں گے،قطر کی مدد سے قیدیوں کی رہائی کے لئے بات چیت جاری ہے،امید ہے کہ اسرائیلی فورسز کی جانب سے اسپتال میں کم دخل اندازی کی جائے گی،اسرائیلی فورسز نے کئی روز سے الشفا اسپتال کو گھیرے میں لے رکھا ہے۔


غزہ میں 5روزہ جنگ بندی کی جائے،بدلے میں 70اسرائیلیوں کی رہائی ہوگی،حماس نے آمادگی ظاہر کر دی،ترجمان القسام بریگیڈزابوعبیدہ نے آڈیو پیغام میں کہا ہے ہے کہ قطرسے ثالثی کرنے والوں سے مکمل جنگ بندی کی یقین دہانی لی گئی ہے،غزہ میں انسانی امداد پہنچانے کی اجازت ہوگی۔