سیاسی طاقتوں اور متعلقہ فریقین کے مفاد میں ہے کہ انتخابات 8 فروری کو ہوں: مرتضیٰ سولنگی

Jan 14, 2024 | 18:23:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اویس کیانی) نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ سیاسی طاقتوں اور متعلقہ فریقین کے مفاد میں ہے کہ انتخابات 8 فروری کو ہوں۔

لاہور میں نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے انتخابات کے حوالے سے افکار تازہ کے ساتویں ایڈیشن تھنک فیسٹ (Think Fest 2024) میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے آئین کے دیباچے میں لکھا ہے کہ یہ ملک اس کے منتخب نمائندے چلائیں گے، یہ ملک آئین کی موجودگی میں ہی چل سکتا ہے، تمام تر سیاسی قوتوں اور متعلقہ فریقین کے مفاد میں ہے کہ انتخابات 8 فروری کو ہوں، اسی میں ملک کی بھلائی ہے، انتخابات جمعرات 8 فروری 2024ءکو ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: آئی پی پی میں شامل ہونیوالے فیاض الحسن چوہان نے بڑی چال دی،پی ٹی آئی کیلئے جیتنا مشکل ہو گیا

انہوں نے مزید کہا کہ لیول پلینگ فیلڈ کی شکایت ہر کوئی کر رہا ہے، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کو بھی لیول پلینگ فیلڈ کی شکایات ہیں، مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں لیول پلینگ فیلڈ نہیں، دراصل لیول پلینگ فیلڈ پاکستان کی ورکنگ کلاس کے پاس نہیں، جب تک بنیادی تبدیلی نہیں آتی اور عام آدمی الیکشن میں ووٹ نہیں مانگ سکتا، لیول پلینگ فیلڈ نہیں ہو گی۔

سیاسی جماعتوں سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر سیاسی جماعت کو اپنے ارکان کو ووٹ کا حق دینا چاہیے، گزشتہ روز عدلیہ کا فیصلہ میرے خیال میں ایک اچھی نظیر ہے، بہتر ہوتا اس حوالے سے پینل میں قانونی ماہرین موجود ہوتے اور وہ قانونی موقف بیان کرتے، سیاسی عدم استحکام اور ملک کی معاشی بقاءہمارے اصل چیلنجز ہیں۔

آنے والی حکومت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آئندہ حکومت کو معاشی چیلنجز درپیش ہوسکتے ہیں، ہمیں معاشی صورتحال میں بہتری کی ضرورت ہے، مجموعی بجٹ کا پرنسپل اماؤنٹ بڑے قرضوں اور دیگر ادائیگیوں میں کرنا ہو تو ملک چلانا مشکل ہوتا ہے، ملک کی جی ڈی پی کا ایک چوتھائی حصہ زراعت سے آتا ہے لیکن اس شعبہ سے ٹیکس کی وصولی بہت کم ہے، ملک کی آبادی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جس سے صحت اور تعلیم جیسے شعبوں پر دباؤ بڑھ رہا ہے، ہم ماحولیاتی تبدیلی کے مسائل کا شکار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: این اے 54 راولپنڈی؛ ن لیگ نے غلام سرور کیلئے میدان کھلا چھوڑ دیا ، کس سے جوڑ پڑیگا؟بڑا نام سامنے آ گیا

ہمسایہ ممالک سے متعلق بات کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ہمیں اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات بہتر کرنا ہوں گے، اس کے بغیر ہم معاشی طور پر مضبوط نہیں ہو سکتے، اسلام آباد میں بلوچستان سے آئے ہوئے مظاہرین احتجاج پر بیٹھے ہیں، ان مظاہرین کو ایف نائن پارک اور ایچ نائن میں جگہ کی پیشکش کی گئی لیکن ان کا اصرار تھا کہ ہم ڈی چوک پر جائیں گے، ریڈ زون میں کسی گروہ چاہے وہ سیاسی ہو یا مذہبی کو داخلے کی اجازت نہیں، پریس کلب سے ان لوگوں نے ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش کی تو پولیس نے کارروائی کی، مذاکراتی کمیٹی نے مظاہرین سے مذاکرات کئے۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ پہلی فرصت میں گرفتار خواتین اور بچوں کو رہا کروایا، اس کے بعد مزید 163 لوگوں رہا کیا گیا اور آخر میں بقیہ 34 افراد کو بھی رہا کر دیا گیا، مظاہرین کو ایمبولینس کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے، گورنر بلوچستان اور کمیٹی کے دیگر ارکان مظاہرین کے پاس گئے، ہماری خواہش ہے کہ مظاہرین پرامن طریقے سے واپس جائیں، بڑی سیاسی جماعتوں کی نمائندگی سے ایک ایسی مذاکراتی کمیٹی کی ضرورت ہے جو اس مسئلے کا بہتر حل دے سکیں۔