عمران خان سپر کرپٹ تھے ، مریم اورنگزیب
Stay tuned with 24 News HD Android App
ویب ڈیسک: مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس میں کہا کہ عمران خان کے دور میں شہباز شریف کے خلاف بے بنیاد کیسز بنائے گئے۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہزاد اکبر اور اس کی ٹیم کو شہباز شریف کے خلاف جھوٹے مقدمات کے لئے رکھا گیا تھا،شہزاد اکبر کو صرف شہباز شریف اور سیاسی مخالفین کے خلاف کیسز بنانے کے لئے غیر آئینی طریقے سے لگایا گیا تھا ۔
شہزاد اکبر کا سوائے پریس کانفرنسز کے کوئی کام نہیں تھا، وہ کبھی گراف بناتے، کبھی منی لانڈرنگ کا الزام لگاتے،اور جھوٹے کیسز کے جواز کے لئے جھوٹے گواہ بھی بنائے گئے۔ایل ڈی اے کے چیف انجینئر اسرار سعید کو وعدہ معاف گواہ بنایا۔اس کے علاوہ ان کے پاس کوئی ثبوت نہیں تھا، انہوں نے ڈیلی میل سمیت بیرون ممالک سے صحافیوں کو بلا کر کہانیاں بنائیں۔ نیشنل کرائم ایجنسی میں ایف آئی اے کا تمام ریکارڈ بھجوایا لیکن کچھ سامنے نہیں آیا۔
انہوں نے این سی اے میں کیسز بنائے اور یہ ثابت ہوا کہ کسی قسم کی منی لانڈرنگ نہیں ہوئی۔شہباز شریف کو بلایا کسی اور کیس میں جاتا اور گرفتاری کسی اور مقدمے میں کی جاتی تھی، اسرار سعید نے حلفیہ بیان دیا کہ ان پر دباﺅ ڈال کر وعدہ معاف گواہ بنایا گیا،طیبہ گل ویڈیو کے ذریعے چیئرمین نیب کو مسلسل بلیک میل کیا جاتا رہا، آشیانہ کیس میں دھونس دھمکیوں سے اسرار سعید کو وعدہ معاف گواہ بنایا گیا تھا۔
عمران دور میں سیاسی مخالفین کے خلاف جھوٹے کیسز بنائے گئے، عمران خان کی اصلیت آئے روز عوام کے سامنے بے نقاب ہو رہی ہے، شہباز شریف کے خلاف متعدد جھوٹے کیسز بنائے گئے، ہم نے اپنے خلاف کیسز پر عدالتوں میں جا کر جواب دیا۔
شہباز شریف کو صاف پانی کیس میں بلا کر آشیانہ کیس میں گرفتار کیا گیا،عمران خان بلین ٹری سونامی، توشہ خانہ کیس میں پکڑے جائیں اور کہتے ہیں کہ میں جواب نہیں دوں گا،عمران خان نے اپنے اوپر کسی کیس میں جواب نہیں دیا، وہ اس لئے استثنیٰ مانگ رہے ہیں کہ ان کی ٹانگ پر پلستر ہے؟کبھی وہ کہتے ہیں کہ جنرل باجوہ سپر کنگ تھے۔
عمران خان سپر کرپٹ تھے، عمران خان نے اپنے سیاسی مخالفین کے خلاف ہر طاقت استعمال کی اور آج وہ ٹی وی پر بیٹھ کر تماشا لگاتے ہیں۔