شاہنواز امیر کی والدہ کو بھی سزا دی جائے، سارہ انعام کے والد کا عدالت سے مطالبہ

Dec 14, 2023 | 14:53:PM
شاہنواز امیر کی والدہ کو بھی سزا دی جائے، سارہ انعام کے والد کا عدالت سے مطالبہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)سارہ انعام کے والد انعام الرحیم نے عدالت سے  مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ شاہنواز امیر کی والدہ کو بھی سزا ملنی چاہیے۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سارہ انعام کے والد انعام الرحیم کا کہنا تھا کہ جس وقت سارہ انعام کا قتل ہوا اس وقت اس گھر میں تین لوگ موجود تھے، ایک سارہ انعام، شاہنواز امیر اور شاہنواز امیر کی والدہ ثمینہ شاہ موجود تھے۔

انعام الرحیم نے کہا کہ شاہنواز امیر نے میری بیٹی کو بے دردی سے مارا ہے، رات 12 بجے کے قریب سارہ کو قتل کیا گیا، یہ جھوٹ ہے کہ شاہنواز کی والدہ کو کچھ پتہ نہ ہو، میری عدالت سے گزارش ہے شاہنواز امیر کی والدہ کو بھی سزا ملنی چاہیے۔

مقتولہ سارہ کے والد کا کہنا تھا کہ ہمیں اندازہ ہی نہیں کہ ہماری بیٹی کے ساتھ ان کا کیا مسئلہ ہوا ہے، شاہنوازامیر کے بارے میں اب پتہ چلا ہے کہ اس کی دوشادیاں پہلے سے تھیں اور وہ ایک پر تشدد شخص ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سارہ انعام قتل کیس، ملزم شاہنواز کو سزائے موت کا حکم

انعام الرحیم نے کہا کہ شاہنواز امیر نے میری بیٹی سے بہت زیادہ پیسے لیے ہیں، پہلے یہ بینک سے پیسے منگواتے تھے پھر بائی ہینڈ پیسے منگوائے، اس کا مقصد صرف اور صرف پیسے بٹورنا تھا۔

واضح رہے کہ آج 14 دسمبر کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ناصر جاوید رانا نے سارہ انعام قتل کیس کا 9 دسمبر کو محفوظ کیا فیصلہ سنایا، اور عدالت نے ملزم شاہنواز امیر کو سزائے موت سنا دی، اور ملزم پر 10 لاکھ جرمانہ بھی عائد کردیا،جبکہ عدالت نے شریک ملزمہ ملزم شاہنواز کی والدہ ثمینہ شاہ کو بری کردیا۔