سٹے کے براںڈ اور کرپٹو کرنسی کے سپانسرز، سٹیٹ بنک کے تحفظات

Mar 13, 2023 | 12:01:PM
سٹے کے براںڈ اور کرپٹو کرنسی کے سپانسرز، سٹیٹ بنک کے تحفظات
کیپشن: پی ایس ایل کے دوران کرپٹو کی تشہیر، پاکستانیوں کو اس کاروبار کی رغبت دے گا جبکہ پی ایس ایل کی فرنچائز کراچی کنگز کا اسپانسر 1XBAT  کھیلوں میں سٹے کا برانڈ ہے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (ویب ڈیسک) سٹیٹ بنک آف پاکستان نے پاکستان سپر لیگ کے دوران کھیلوں میں سٹے کے برانڈ 1XBAT  اور کرپٹو کرنسی کی تشہیر پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کو خط لکھ دیا۔

سٹیٹ بنک کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد پر ہرممکن سہولیات دینا چاہتے ہیں کیونکہ پی ایس ایل کھیلوں کے فروغ اور پاکستان کے مثبت چہرے کا پرچار کرتا ہے۔

مرکزی بنک کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی کا آفیشل پارٹنر بیسٹ گن ٹیک انویسٹمنٹ کوئن کرپٹو کرنسی ہے اور ملکی قوانین کرپٹو کرنسی یا ڈیجیٹل اثاثے رکھنے کی اجازت نہیں دیتے، پی ایس ایل کے دوران کرپٹو کی تشہیر، پاکستانیوں کو اس کاروبار کی رغبت دے گا جبکہ پی ایس ایل کی فرنچائز کراچی کنگز کا اسپانسر 1XBAT  کھیلوں میں سٹے کا برانڈ ہے۔

یہ بھی پڑھیے: پی ایس ایل 8،کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی، 4 کھلاڑیوں پر جرمانہ عائد

سٹیٹ بنک کے مطابق بظاہر یہ دونوں ویب سائٹس غیرملکیوں کے کنٹرول میں ہیں، پاکستان میں ان ویب سائٹس کا استعمال ملکی زرمبادلہ باہر لے جانے کا سبب ہو گا، پی سی بی اور کراچی کنگز نے پاکستانیوں کی رقوم باہر ادائیگی کی اجازت نہیں لی، ویب سائٹس کا استعمال ملکی زرمبادلہ ایکٹ 1947 کی خلاف ورزی ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی یقینی بنائے کہ پاکستانی ان ویب سائٹ کا استعمال نہ کریں، اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ ان ویب سائٹس کو ملکی زرمبادلہ کی ادائیگی غیرقانونی طریقے سے بھی نہ ہو، پی سی بی اپنے اور فرنچائز کیلئے عالمی سپانسرز منتخب کرنے کے قواعد و ضوابط دے۔