وزیراعظم جلدپٹرول اور ڈیزل سستا کرنے کا اعلان کریں گے ،مریم نواز
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز کاکہناہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اگلے 2 دن میں پٹرول اور ڈیزل سستا کرنے کا اعلان کریں گے ،وزیراعظم نے پٹرول اور ڈیزل سستا کرنے کی سمری منگوا لی ہے ۔
اٹھارہ ہزاری میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ تاریخی استقبال پر اٹھارہ ہزاری کے عوام کی مشکور ہوں ،جھنگ سے ہمارا پرانا رشتہ ہے،انہوں نے کہاکہ تیل کی قیمتیں بڑھانا ہماری مجبوری تھی،تیل کی قیمتوں میں اضافہ گزشتہ حکومت کا آئی ایم ایف کیساتھ معاہدے کی وجہ ہے ،لیگی رہنما نے کہاکہ مشکل فیصلوں کے بعد خوشخبری کا وقت آگیا ہے،وزیراعظم جلد عوام کو اچھی خبر سنانے والے ہیں ، عوام جانتے ہیں مسلم لیگ ن ہی پنجاب میں خوشحالی لا سکتی ہے،مسلم لیگ ن عوامی خدمت کی سیاست کرتی ہے، ان کا کہناتھا ن لیگ عوام کی آزمائی ہوئی جماعت ہے، کبھی مایوس نہیں کرے گی،ان کا کہناتھا کہ عمران خان کو نوازشریف کے بچے شکست دیں گے ،ہم نسلوں تک عوام کی خدمت کریں گے ۔
قبل ازیں چنیوٹ موڑ پر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ آج نواز شریف کی محبت میں پورا جھنگ باہر نکلا ہے، ہم ملک میں ترقیاتی کام کروانے آئے ہیں، ہم اقتدار میں آلو پیاز کے ریٹ کم کرانے آئے ہیں، ہم گلیاں، سڑکیں بنوانے اور آلو پیاز کی قیمتیں کم کرنے آئے ہیں، ہم ہسپتال اور سکولز، کالجز بنوانے آئے ہیں، 17 جولائی کو کوئی گھر میں نہیں بیٹھے گا، سب نکلیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ وعدہ ہے جب تک یہاں ترقی نہیں آئے گی آرام سے نہیں بیٹھیں گے، عمران خان کو پنجاب کی ترقی ہضم نہیں ہوتی، یہ ایک خاتون کو پھر پنجاب پر مسلط کرنے کی کوشش کر رہا ہے جو ہم نہیں ہونے دیں گے۔ آدھے لوگ کہہ رہے ہیں عمران خان جھوٹا ہے، عمران خان کو پنجاب کی ترقی ہضم نہیں ہوتی، عمران خان چور بھی ہے اور جھوٹا بھی ہے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ مشکل وقت گزر گیا ، اب روز خوشخبریاں آئینگی، آج شام کو شہباز شریف عوام کو بہت بڑا ریلیف دینے جا رہے ہیں۔
اس سے قبل گوجرہ موڑ پر پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ بارش اور حبس کے باوجود کارکنوں کی کثیر تعدادمیں شرکت پر خوشی ہوئی، پارٹی کارکنوں کی شرکت اور شہریوں کا جم غفیر نواز شریف سے محبت کی عکاسی ہے، مشکل وقت گزر چکا، آنے والا وقت عوام کےلئے خوشخبریاں لائے گا۔ انشا اللہ 17 جولائی کو ایک مرتبہ پھر شیر آ رہا ہے، مسلم لیگ ن کا مقابلہ عمران خان سے نہیں، نااہلی، مہنگائی اور پنجاب دشمنی سے ہے، مہنگائی کم کرنی ہے، پنجاب اور کسان کو ترقی دینی ہے تو ن لیگ کو ووٹ دینا ہے، عوام وعدہ کریں، 17 جولائی کو پنجاب کے دشمنوں کو اٹھا کر باہر پھینکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ن لیگ کے ایک اور وزیر نے استعفیٰ دےدیا