انوار الحق کاکڑ نگران وزیراعظم ہوں گے، صدر مملکت نے سمری پر دستخط کردیے

2018  میں بلوچستان سے جنرل نشست پر آزاد امیدوار کے طور پر سینیٹر منتخب ہوئے، 12 مارچ 2018 کو سینیٹر کے طور پر حلف اٹھایا، بلوچستان عوامی پارٹی (BAP) کی بنیاد رکھنے میں کردار ادا کیا

Aug 12, 2023 | 12:20:PM
انوار الحق کاکڑ نگران وزیراعظم ہوں گے، صدر مملکت نے سمری پر دستخط کردیے
کیپشن: نگران وزیراعظم سینیٹر انوار الحق کاکڑ
سورس: 24urdu.com
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اویس کیانی)بلوچستان عوامی پارٹی کے سینیٹر انوار الحق کاکڑ نگران وزیر اعظم ہوں گے، شہباز شریف اور راجا ریاض کے درمیان ان کے نام پر اتفاق کے بعد بھیجی گئی سمری پر صدر مملکت عارف علوی نے بھی دستخط کردیے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انوار الحق کاکڑ کی بطور نگران وزیراعظم تعیناتی کی منظوری دے دی۔

نگران وزیراعظم کی تقرری پر مشاورت کے لیے اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض  اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان دو مرتبہ ملاقات ہوئی ،دونوں رہنماؤں میں سینیٹر انوارالحق کاکڑ کے نام اتفاق ہوا،راجہ ریاض کہتے ہیں کہ سینیٹر انوار الحق کاکڑ نگران وزیر اعظم ہوں گے۔

انوارالحق کاکڑ  بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما  ہیں ،راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے درمیان انوار الحق کاکڑ کو نگران وزیراعظم بنانے پر اتفاق کے بعد سمری پر دستخط کیے گئے۔

سینیٹر انوارالحق کاکڑ کون ہیں؟

انوار الحق کاکڑ 2018  میں سینیٹ  کےانتخابات میں بلوچستان سے جنرل نشست پر آزاد امیدوار کے طور پر سینیٹ آف پاکستان کے لیے سینیٹر منتخب ہوئے تھے۔ انہوں نے 12 مارچ 2018 کو سینیٹر کے طور پر حلف اٹھایا۔ انہوں نے ایک نئی سیاسی جماعت بلوچستان عوامی پارٹی (BAP) کی بنیاد رکھنے میں کردار ادا کیا۔

انوارالحق کاکڑ نے یونیورسٹی آف بلوچستان سے پولیٹیکل سائنس اور سوشیالوجی میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کی ،انوار الحق کاکڑ بلوچستان حکومت کے ترجمان بھی رہے ہیں،سینیٹ کی قائمہ کمیٹی سمندر پار پاکستانیز کے چئیرمین بھی  ہیں،انہوں نے 2008 میں مسلم لیگ ق کی ٹکٹ سے کوئٹہ سے قومی اسمبلی کی نشست پر انتخاب لڑا،انوار الحق کاکڑ کیڈٹ کالج کوہاٹ اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہیں۔


 وزیر اعظم شہباز شریف  اپوزیشن لیڈر سے ملاقات کے بعد لاہور روانہ ہوئے ہوگئے، ان کے ہمراہ مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب بھی لاہور روانہ ہوئی ہیں۔ذرائع کا بتانا ہےکہ وزیراعظم شہباز شریف کی آج لاہور میں مصروفیات ہیں اور وہ صحافیوں سے بھی ملاقات کریں گے۔

ضرور پڑھیں:عمران خان کی سزا کیخلاف اپیل پر سماعت جلد مقرر کرنے کی ہدایت

یاد رہے سابق سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی، جسٹس (ر) تصدق حسین جیلانی اور جسٹس (ر) خلیل الرحمٰن رمدے کے نام بھی سامنے آتے رہے۔نگران وزیر اعظم کی دوڑ میں جام کمال خان اور انوارالحق کاکڑ کے نام آج شامل کیے گئے۔

قبل ازیں اسحاق ڈار، حفیظ شیخ، صادق سنجرانی، محمد میاں سومرو اور اسلم بھوتانی سمیت کئی شخصیات کے نام گردش کرتے رہے، نگران وزیراعظم کے لیے نواز شریف اور آصف علی زرداری نے دو ہفتے قبل دبئی میں اہم مشاورت کی۔

سینیٹر اسحاق ڈار کا نام سامنے آنے کے بعد سب سے بڑا اعتراض یہ تھا کہ وہ بڑے میاں صاحب کے سمدھی اور مسلم لیگ (ن) کے سرکردہ لیڈر ہیں، اس لیے الیکشن کی غیر جانبدار اور شفاف حیثیت پر بڑ ا سوالیہ نشان آجائے گا۔