اپوزیشن کی نمبرز گیم پوری،حکومت صرف ہارس ٹریڈنگ کرکے جیت سکتی ہے:پی ڈی ایم کے تین بڑوں میں اتفاق

Mar 11, 2021 | 12:45:PM
اپوزیشن کی نمبرز گیم پوری،حکومت صرف ہارس ٹریڈنگ کرکے جیت سکتی ہے:پی ڈی ایم کے تین بڑوں میں اتفاق
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینٹ کے الیکشن سے قبل پی ڈی ایم کے تین بڑے متحرک ہوگئے۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم نوازشریف سے الگ الگ ٹیلیفونک رابطہ کیا ۔ سینٹ الیکشن میں اپنے امیدوار جتوانے اور لانگ مارچ کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔  

تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری اور پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان ٹیلیفونک رابطے  میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے پی ڈی ایم کے امیدواروں کی کامیابی کو یقینی بنانے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سابق صدر کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کو سینیٹ میں حکومت پر واضح برتری ہے۔کل یوسف رضا گیلانی اور عبدالغفور حیدری کی کامیابی کےلیے پرامید ہیں۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان اور نوازشریف میں بھی رابطہ ہوا، میاں نوازشریف نے کہا کہ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخابات کے فوری بعد لانگ مارچ کی تیاریاں تیزکرنی چاہیئں۔ہمارا مقصد انتخابات نہیں نا اہل حکمرانوں کو گھر بھیجنا ہے۔اس موقع پر مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب میں حکومت نے ہارس ٹریڈنگ کی اور ہمارے ارکان کو توڑا تو سب عوام کے سامنے لائیں گے۔

ٹیلیفونک گفتگو میں پی ڈی ایم کے تینوں بڑوں نے اتفاق کیا کہ نمبرز گیم ہمارے حق میں ہے حکومت صرف ہارس ٹریڈنگ کرکے ہی جیت سکتی ہے۔ نا اہل حکمرانوں کا خاتمہ پی ڈی ایم کا مقصد ہے۔