جعلی الیکشن کے نتیجے میں بننے والی حکومت بھی جعلی ہوگی، سراج الحق

Feb 11, 2024 | 18:47:PM
جعلی الیکشن کے نتیجے میں بننے والی حکومت بھی جعلی ہوگی، سراج الحق
کیپشن: سراج الحق (فائل فوٹو)
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(حسن علی) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ن لیگ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کو سپورٹ کیا، سب کیلئے لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں تھی اور اس جعلی الیکشن کے نتیجے میں بننے والی حکومت بھی جعلی ہوگی۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ان خیالات کا اظہار منصورہ میں سنٹرل لیڈر شپ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا  کہ عالمی اداروں اور میڈیا نے بھی ان انتخابات پر سوالات اٹھائے ہیں، ان انتخابات سے مزید عدم استحکام پیدا ہوگا، الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کرانے کی آئینی ذمہ داری پوری کرنے میں مکمل ناکام ہوا، الیکشن نتائج جعلی اور دھاندلی زدہ ہیں، ہم الیکشن کمشنر کے فوری استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہیں۔ سراج الحق نے مزید کہا کہ تحقیقات کیلئے آزاد اور غیرجانبدار کمیشن قائم کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیے: مسترد ووٹوں کی سب سے زیادہ تعداد ملتان میں ہے، مہربانو قریشی

کراچی میں انتخابات کے نتائج کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی میں بھی جماعت اسلامی کا مینڈیٹ چرایا گیا، تمام آزاد سرویز کے مطابق کراچی میں جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدواروں کے درمیان مقابلہ تھا، ایم کیو ایم کہیں موجود نہ تھی، عوام کے حق پر ڈاکہ ڈالتے ہوئے ایم کیو ایم کو جتوایا گیا، کراچی کے عوام اس جعل سازی کو قبول نہیں کریں گے اور جماعت اسلامی اس کیخلاف بھرپور احتجاج کر رہی ہے، الیکشن کمیشن نے نتائج کو درست نہ کیا تو احتجاج کو اس کے ہیڈ آفس اسلام آباد تک وسیع کرسکتے ہیں، آزاد امیدوار بھی ہمارے ساتھ مظاہرے میں شریک ہونا چاہیں تو خوش آمدید کہیں گے۔

اجلاس میں نائب امراء لیاقت بلوچ، راشد نسیم، ڈاکٹر فرید پراچہ، سیکرٹری جنرل امیر العظیم، ڈپٹی سیکرٹری جنرل اظہر اقبال حسن، محمد اصغر، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف اور امیر پنجاب وسطی جاوید قصوری بھی شریک ہوئے۔

اجلاس کے بعد امیر جماعت اسلامی سراج الحق کراچی روانہ ہوگئے۔