پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن سے بلے کے انتخابی نشان کا سرٹیفکیٹ فوری جاری کرنے کا مطالبہ کردیا

Dec 11, 2023 | 20:11:PM
پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن سے بلے کے انتخابی نشان کا سرٹیفکیٹ فوری جاری کرنے کا مطالبہ کردیا
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اویس کیانی، عثمان خان) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر خان نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ پی ٹی آئی کو انتخابی نشان بلے کا سرٹیفکیٹ فوری کیا جائے۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منصفانہ انتخابات کا مطلب انتخابی عمل میں تمام سیاسی جماعتوں کی شمولیت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعت کا انتخابی نشان ہی اس عمل کی نشاندہی کرتا ہے، اسی لیے انتخابی نشان کا فوری حصول قانونی اور آئینی حق ہے۔

چیئرمین نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کو دیگر جماعتوں کے مقابلے میں امتیازی سلوک کا نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیئے۔

بیرسٹر گوہر نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ پی ٹی آئی کو بلا تاخیر انتخابی نشان کیلئے بلے کا سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے۔

دوسری جانب بلے کے انتخابی نشان کیلئے ایک اور رجسٹرڈ سیاسی جماعت میدان میں آگئی۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان میں ’ہم عوام پاکستان پارٹی‘ نےانتخابی نشان بلے کیلئے درخواست جمع کرادی۔ 

رپورٹس کے مطابق ہم عوام پاکستان پارٹی نے درخواست میں مؤقف اپنایا ہے کہ تحریک انصاف انٹرا پارٹی الیکشن کا انعقاد میں ناکام رہی ہے، بلےکا انتخابی نشان خالی ہے، کسی پارٹی  نے بلے کا انتخابی نشان نہیں مانگا، تمام رجسٹرڈ جماعتوں کو انتخابی نشان الاٹ ہو چکے ہیں۔

درخواست کے متن میں لکھا گیا کہ ہماری جماعت کو ابھی تک کوئی انتخابی نشان الاٹ نہیں ہوا۔ بلے کا انتخابی نشان ہم عوام پاکستان پارٹی کو الاٹ کیا جائے، درخواست چئیرمین ہم عوام پاکستان پارٹی امجد چودھری کی طرف سے دائر کی گئی۔