عید پر تفریح کے دوران حادثات، 13 افراد جاں بحق

Apr 11, 2024 | 22:45:PM
عید پر تفریح کے دوران حادثات، 13 افراد جاں بحق
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) عید الفطرکے موقع پر ملک بھر میں سیر و تفریح کے دوران حادثات میں میاں بیوی، بچے اور کئی دیگر افراد جاں بحق ہوئے اور کئی زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے  مطابق عید کے دو دن کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں  سیر و تفریح کے لئے نکلنے والوں کو پیش آنے والے حادثات میں کم از کم 13 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ متعدد زخمی ہیں۔

کار کے حادثہ میں میاں، بیوی، بچے جاں بحق

فیصل آباد کے علاقے سمندری میں تیز رفتار کار بے قابو ہو کر مخالف سمت سے آنے والی وین سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں کار سوار میاں بیوی اور دو بچے جاں بحق ہوگئے اور وین میں سوار 18 افراد زخمی ہوئے۔

چارسدہ میں 6  افراد  دریا میں ڈوب گئے

 چارسدہ میں دریائے سوات اور دریائےکابل میں 6 بچےڈوب گئےجن میں سے 2 بچوں کو بچا لیا گیا، باقی افراد کو تلاش کرنے میں اندھیرا پھیلنے تک کامیابی نہیں ہوئی۔

صوابی میں سیاحوں کی کشتی ڈوب گئی

 صوابی میں کنڈپارک کے مقام پر دریائے سندھ میں سیاحوں کی کشتی ڈوب گئی، 9 میں سے 8 افراد کو نکال لیاگیا۔

 

بچہ پٹاخے سے جھلس کر فوت ہو گیا

ٹانک میں ایک دوسرے پر پٹاخے پھینکنے کا  کھیل کھیلتے ہوئے ایک بچے کے کپڑوں میں آگ لگ گئی جس سے 8 سال کا بچہ جھلس کر جاں بحق ہوگیا۔

 

کوہاٹ میں دو لڑکے ڈیم میں ڈوب گئے

کوہاٹ میں غور زنڈی ڈیم میں سیر پر آئے ہوئے دو نوجوان ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔

موٹر سائیکل نہر میں گرنے سے  ایک جاں بحق

ڈیرہ اسماعیل خان میں موٹرسائیکل پرسوارایک ہی خاندان کےچار افراد نہر میں گرگئے۔ حادثے میں باپ جاں بحق ہوگیا جبکہ بیوی اور دو بچیوں کو بچا لیاگیا۔

پارک میں شہد کی مکھیوں کا حملہ

منڈی بہاؤالدین میں عید منانے پارک میں آئے شہریوں پر شہد کی مکھی نے حملہ کردیا،جس میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔