پاک-ازبک تعلقات صدیوں پرانے اور مشترکہ مذہب، ثقافت و تاریخ پر مبنی ہیں: صدر مملکت

May 09, 2024 | 18:36:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اویس کیانی) صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ پاک-ازبک تعلقات صدیوں پرانے اور مشترکہ مذہب، ثقافت اور تاریخ پر مبنی ہیں۔

صدر مملکت آصف علی زرداری سے ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سیدوف نے ملاقات کی، ملاقات میں وزیر خارجہ نے ازبکستان کے صدر کی جانب سے صدر مملکت کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، صدر مملکت نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت بڑھانے کیلئے بارٹر ٹریڈ اور مقامی کرنسی کا استعمال کرنے، تجارتی تعلقات بہتر بنانے کیلئے دونوں ممالک میں بینک کھولنے کی تجویز دیں۔

صدر مملکت نے دونوں ممالک کو مزید قریب لانے کیلئے عوامی اور سیاحتی روابط مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا، ادھر وزیر خارجہ بختیار سیدوف  نے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے اور باہمی شراکت داری کو مزید بہتر بنانے کیلئے روڈ میپ تیار کرنے پر زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں: سانحہ 9 مئی کو ایک سال مکمل، وزیراعظم نے دبنگ بیان داغ دیا

ملاقات میں صدر مملکت آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ازبکستان کے ساتھ تجارت، معیشت، ثقافت اور سیاحت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے، پاکستان برادر ملک ازبکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، پاک-ازبک تعلقات صدیوں پرانے اور مشترکہ مذہب، ثقافت اور تاریخ پر مبنی ہیں۔

صدر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات بڑھانے کی صلاحیت موجود ہے، پاکستان علاقائی روابط کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، وسطی ایشیائی ممالک پاکستان کے جغرافیائی محل وقوع سے مستفید ہوں۔

دوسری جانب ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سیدوف کا کہنا تھا کہ دوطرفہ تجارتی  اور اقتصادی تعاون بڑھانے کیلئے ایکشن پلان کی ضرورت ہے، امید ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان ٹرانسپورٹ راہداری سے دوطرفہ تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔