سمجھوتہ نہیں ہوگا: وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کا بڑا حکم

Jul 09, 2022 | 12:13:PM
وزیراعلیٰ پنجاب،حمزہ شہباز،عیدالاضحی،صفائی انتظامات
کیپشن: غفلت کسی صورت برداشت نہیں: وزیراعلیٰ پنجاب/ فائل فوٹو، گوگل سورس
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف نے عیدالاضحی پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں صفائی کے بہترین انتظامات کے لئے ضروری ہدایات جاری کردیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں اور ہر ضلع کی انتظامیہ کو زیرو ویسٹ آپریشن یقینی بنانے کا ٹاسک دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کے انتظامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

 حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ پنجاب کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں عیدالاضحی پر آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگایا جائے، غفلت کسی صورت برداشت نہیں، شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لئے کوآرڈینیشن اور جامع پلان کے تحت فرائض سرانجام دیئے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں:ضمنی انتخابات سے قبل ن لیگ کو بڑا جھٹکا

 وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے افسران عید الاضحٰی پر فیلڈ وزٹ کر کے صفائی پلان کا جائزہ لیں، عیدالاضحی پر کئے جانے والے تمام انتظامات کی ذاتی طور پر نگرانی کروں گا۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ عوام کو صاف ماحول اور انہیں سہولتیں فراہم کرنا متعلقہ اداروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے، صفائی کے بارے میں شہریوں کی شکایات کا فی الفور ازالہ ہونا چاہیئے، خلق خدا کو عیدالاضحی پر صاف ماحول فراہم کرنے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ مویشی منڈیوں میں جانوروں کی خریداری کیلئے آنے والوں کو ہر طرح کی سہولتیں فراہم ہونی چاہئیں، کانگو وائرس اور ڈینگی وائرس سے نمٹنے کیلئے وضع کردہ پلان پر من و عن عمل کیا جائے، صفائی کے انتظامات کو خوب سے خوب تر بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔