سابقہ حکومتیں سیکیورٹی بہتر بنانے کی بجائے اپنی بقاء کی جنگ لڑتی رہیں، سراج الحق

Jan 08, 2024 | 21:10:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ بدامنی کا علاج ملک میں مضبوط حکومت کا قیام ہے، سابقہ حکومتیں سیکیورٹی بہتر بنانے کی بجائے اپنی بقاء کی جنگ لڑتی رہیں، حکمرانوں کی اولین ذمہ داری ہے کہ عوام کو تحفظ فراہم کریں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے ثمرباغ دیرپائن میں اپنے حلقہ انتخاب این اے 6 میں انتخابی دفتر کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

جماعت اسلامی سے حلقہ پی کے 16 اور 17 کے امیدواران اعزاز الملک افکاری اور سعید گُل بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جن پارٹیوں کے اندر جمہوریت نہیں وہ ملک میں جمہوری استحکام نہیں چاہتیں، بعض سیاسی پارٹیاں بھی الیکشن ملتوی کرنے کی خواہش رکھتی ہیں، یہ حسب سابق الیکشن نتائج کے حوالے سے بھی این آر او کے انتظار میں ہیں۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مزید کہا کہ ملک کی معاشی ترقی کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو لانگ ٹرم منصوبے پر اتفاق رائے پیدا کرنا ہوگا، جماعت اسلامی ہر شعبے میں اصلاحات چاہتی ہے، اقتدار میں آ کر غیرترقیاتی اخراجات کم کرکے تعلیم اور روزگار پر خرچ کریں گے، تعلیم کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی، روزگار کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے۔

یہ بھی پڑھیے: پرویز الٰہی فیملی نے 2سال خود ہی فیصلہ کرلیا تھا سیاست اپنی اپنی کرنی ہے،شافع حسین

انہوں نے کہا کہ بطور سابق وزیرخزانہ خیبرپختونخوا صوبے کو قرض فری بنایا، آج کے پی پر ہزاروں ارب قرض ہے، حکمرانوں کی نالائقیوں کی وجہ سے قومی وسائل مس مینجمنٹ اور کرپشن کی نذرہو جاتے ہیں، قوم 8 فروری کو ترازو پر اعتماد کا اظہار کرے، ملک میں جمہور کی حکمرانی اور قرآن و سنت کی بالادستی کو یقینی بنائیں گے۔

امیر جماعت اسلامی نے باجوڑ میں پولیس وین پر دہشتگرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور شہداء کیلئے دعائے مغفرت اور اہل خانہ سے تعزیت کااظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کیلئے ملک میں سیاسی تناؤ ختم کرنے کی ضرورت ہے۔

سراج لحق نے کہا کہ عدالتوں کو اپنی ساکھ بہتر بنانے کیلئے آئین اور قانون کی بالادستی قائم کرنی چاہیئے، ملک کی عدالتوں میں عام شہری کو انصاف نہیں ملتا، طاقتور اپنے آپ کو قانون سے بالاتر سمجھتا ہے، سب کیلئے یکساں قانون ہوگا تو معاشرہ ترقی کرے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مہنگائی کی وجہ سے عام شہری پس رہا ہے، سابقہ حکمرانوں کے مفاد پرستانہ فیصلوں کی وجہ سے ملک قرضوں کے بوجھ تلے دب گیا، آئی ایم ایف کی پالیسیوں کے مطابق فیصلے ہوتے ہیں، سابقہ حکمرانوں نے قرضے لے کر خود ہڑپ کیے اور ان کی ادائیگی کیلئے عوام کا خون نچوڑا جا رہا ہے، قوم کے پاس بہترین موقع ہے کہ الیکشن کے روز ترازو پر مہر لگا کر آزمودہ کرپٹ حکمرانوں سے نجات حاصل کریں۔