سر سید یونیورسٹی نے ارشد ندیم کو انعام دینےکا اعلان کردیا

Aug 08, 2021 | 10:14:AM
سر سید یونیورسٹی نے ارشد ندیم کو انعام دینےکا اعلان کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

  (24نیوز) ٹوکیو اولمپکس میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کرنے والے فخر پاکستان ارشد ندیم کیلئے سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کراچی نے گولڈ میڈل اور دو لاکھ روپے دینے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق سر سید یونیورسٹی کے چانسلر جاوید انوار نے فخر پاکستان ارشد ندیم کی ایتھلیٹکس کے ایونٹ جیویلین تھرو میں گراں قدر خدمات پر انہیں خالص سونے سے بنا گولڈ میڈل اور دو لاکھ روپے نقد دینے کا اعلان کیا۔ رجسٹرار سید سرفراز علی نے کہا کہ اولمپکس کے بعد سرسید یونیورسٹی میں ارشد ندیم کیلئے تقریب پذیرائی منعقد کی جائے گی، اس تقریب میں انہیں پورے اعزاز کے ساتھ گولڈ میڈل اور نقد انعام دیا جائے گا، سرسید یونیورسٹی نصابی سرگرمیوں کیساتھ غیرنصابی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی اپنی الگ شناخت رکھتی ہے، سر سید یونیورسٹی نے پاکستانی ہاکی ٹیم کو اولمپیئینز بھی دیئے ہیں، جامعات کے درمیان کرکٹ کے عالمی مقابلوں میں بھی سر سید یونیورسٹی نے اپنی صلاحیتوں کو منوایا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ہماری یونیورسٹی میں ہر سال باقاعدگی سے اسپورٹس گالا منعقد کیا جاتا ہے جس میں 12 سے زائد شعبہ جات شرکت کرتے ہیں اور مختلف کھیلوں میں نیا ٹیلنٹ سامنے آتا ہے، سر سید یونیورسٹی نے ماضی میں بھی نمایاں کارکردگی پر قومی ایتھلیٹس کی پذیرائی کی اور مستقبل میں بھی اسی طرح انہیں سراہتے رہیں گے۔

خیال رہے کہ ٹوکیو اولمپکس کے اتھلیٹکس مقابلوں میں پاکستانی اتھلیٹ ارشد ندیم میڈل جیتنے میں تو ناکام رہے مگر قوم کے دل جیت لئے، جیولن تھرو میں پاکستان کے ارشد ندیم نے پانچویں پوزیشن حاصل کی۔ 

یہ بھی پڑھیںماں کی لاش کو مہینوں تک بیٹی نے گھر میں کیوں رکھا؟۔جان کر رونگھٹے کھڑے ہو جائیں