سموگ کی بگڑتی صورتحال ،پنجاب حکومت کا جمعرات سے سوموار تک چھٹی کا اعلان

Nov 07, 2023 | 17:39:PM
سموگ کی بگڑتی صورتحال ،پنجاب حکومت کا جمعرات سے سوموار تک چھٹی کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) سموگ کی بگڑتی صورتحال کے باعث پنجاب حکومت نے  تعلیمی اداروں میں 4 روزہ چھٹی اور مارکیٹس کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کر دی ۔

سموگ کی صورت حال پر وزیراعلی پنجاب کی زیر صدارت اعلیٰ اجلاس میں اہم فیصلے  کئے گئے ،نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور اس وقت دنیا کا سب سے آلودہ شہر ہے،یہ کسی بھی طرح اچھی بات نہیں ہے،اس سلسلہ میں آج تفصیلی اجلاس ہوا ہے، سموگ پربچوں کو سانس اور آنکھوں کے مسائل کا سامنا ہے،بھارت میں فصلوں کی باقیات جلائی جا رہی ہیں جسکے باعث سموگ میں اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قائمہ کمیٹی برائے ماحولیات کے اجلاس  میں اہم فیصلے ہوئے ہیں کہ ماحولیاتی ایمرجنسی نافذ کی جا رہی ہیں، 9 نومبر کی پہلے ہی چھٹی ہے، 10 نومبر کو بھی پنجاب میں سکولوں اور دفاتر بند ہونگے،ہفتے کو بھی چھٹی ہو گی جبکہ مارکیٹس ہفتے کو بند ہونگی،ریسٹورنٹ اور سیمنار جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو مکمل بند ہونگے،دفعہ 144 لگا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ لاہور ڈویژن، گوجرانولہ اور حافظ آباد کے لئے ہے، کوشش ہے کہ ہمارے اس اقدام سے سموگ میں کمی آئے،دہلی میں بھی یہی صورتحال ہے،بیکریاں اور فارمیسیز، شادی گھر کھلے ہونگے،پارک بند رہیں گے،پبلک ٹرانسپورٹ کھلی رہے گی،آئی جی پنجاب ان تمام فیصلوں پر عملدرآمد کرائیں گے،ٹیک اوے ریسٹورنٹ کھلے رہیں گے گزارش ہے کہ لاہور میں رہنے والے گھروں سے کم سے کم نکلیں،بچے اور بزرگ زیادہ متاثر ہو رہے ہیں اس لئے ماسک کا استعمال لازمی بنائیں،سموگ کے حوالے سے ہیلتھ ایمرجنسی لگا رہے ہیں۔

وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ یہ فیصلے رواں ہفتے کے لئے ہی نافذالعمل ہونگے، جہاں جہاں ماحولیاتی آلودگی کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے اسکے خلاف کاروائی کی جا رہی ہے،فیکٹریاں بند نہیں ہونگی،تعمیراتی کام بند نہیں کر رہے کیونکہ 4 روز فیکٹریاں یا تعمیراتی کام بند نہین کہ جا سکتی اس سے مزدور متاثر ہونگے۔

محسن نقوی نے کہا کہ  تاجروں سے درخواست کریں گے کہ وہ جمعہ والے دن بھی مارکیٹیں بند کر دیں، لاہوریوں سے درخواست ہے کہ گھروں میں رہیں اگر سیر کے لئے کسی دوسرے شہر جانا ہے تو چلے جائیں،ان چھٹیوں میں لہور لہور فیسٹیول بھی بند رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں :روپے کے مقابلے ڈالر مزید تگڑا،آج کتنا مہنگا ہوا؟ جانیے