گوادر میں پاک بحریہ کی گاڑی پر حملہ، 2 نیوی اہلکارشہید

Mar 07, 2021 | 11:02:AM
گوادر میں پاک بحریہ کی گاڑی پر حملہ، 2 نیوی اہلکارشہید
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)سی پیک کو ناکام بنانے کیلئے دشمن ایک بار پھر متحرک ہوگیا۔صوبہ بلوچستان کے ساحلی ضلع گوادر کے علاقے گنز میں  افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں نامعلوم افراد کی جانب سے پاک بحریہ کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں  دو نیوی اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق ہفتے کو ہونے والے اس حملے سے متعلق سرکاری ذرائع کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ کی گاڑی جوانی سے گنز کی طرف جا رہی تھی کہ جب نامعلوم حملہ آوروں نے خودکار ہتھیاروں سے اس پر فائرنگ شروع کردی۔ فائرنگ سے پاک بحریہ کا ایک سیلر (ملاح) اور ایک باربر (حجام) شہید ہوگئے جبکہ ایک اور نیوی اہلکار زخمی ہوگیا۔شہید ہونے والوں کی شناخت سہیل اور نعمان جبکہ زخمی فرد کی شناخت رضا کے نام سے ہوئی۔

واقعے کے فوری بعد سکیورٹی فورسز جائے وقوع پر پہنچ گئیں اور زخمی کو ہسپتال منتقل کیا، بعد ازاں شہیدہونے والوں کے جسد خاکی ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کردیے گئے ۔صوبائی وزیر خزانہ ظہیر بلیدی نے حملے کی مذمت کی۔اپنی ایک ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ جوانی گوادر کے قریب پاکستان نیوی کے کیو ایف آر پر دہشت گردوں کا حملہ انتہائی قابل مذمت ہے، اللہ شہیدوں کو اپنی جوار رحمت میں جگہ دے اور زخمی کو جلد صحتیاب کرے۔ اسسٹنٹ کمشنر گوادر کیپٹن (ر) اطہر عباس کا کہنا تھا کہ جس علاقے میں حملہ ہوا اسے گھیرے میں لے لیا گیا تھا لیکن کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔مذکورہ حملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

واضح رہے کہ صوبہ بلوچستان گزشتہ چند سالوں سے بدامنی کا شکار ہے اور یہاں سکیورٹی فورسز پر حملے، دھماکے اور مختلف واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں، جس کے پیچھے بیرونی ہاتھ ملوث ہیں۔