شعیب شاہین کو پی ٹی آئی تنظیم سازی کی ذمہ داری سونپ دی گئی: عمر ایوب

May 06, 2024 | 18:51:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( 24نیوز ) پاکستان تحریکِ انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل عمرایوب کا کہنا ہے کہ بانی چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان سے مشاورت کے بعد شعیب شاہین کو تنظیم  سازی کا ٹاسک دیا گیا ہے۔

خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں چاروں صوبائی اسمبلیوں کے ممبران اور امیدواران سمیت  پی ٹی آئی کے ایم این ایز اور سینیٹرز نے  بھی شرکت کی، اجلاس میں 9 مئی کے احتجاج اور  پارٹی کی تنظیم سازی کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی عمر ایوب خان نے  کہا کہ بڑے عرصے بعد آج دوبارہ یہاں پی ٹی آئی کا اجلاس ہو رہا ہے، یہاں تک پہنچنے کے لئے پارٹی قائدین اور کارکنان نے بہت کچھ برداشت کیا، ہمارے کارکنان اور قائدین کو جیل کی سلاخوں میں رکھا گیا، بانی پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ آخری بال تک ہمت نہیں ہاریں گے، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں انہوں نے اپنے باہمت کارکنان کو پیغام دیا تھا،کارکنان کی ہمت اور حوصلے کی تعریف کی اور کہا کہ ایسے ہی ڈٹے رہیں۔

عمر ایوب  نے مزید کہا کہ آج کے اجلاس میں الیکشن کے حوالے سے بات ہوئی، اجلاس میں 9 مئی کے حوالے سے بھی غور کیا گیا، 9 مئی کو ہونے والے احتجاج کے حوالے سے حکمت عملی تیار کی گئی جس میں ہر علاقے سے پر امن طریقے سے ریلیاں نکالی جانے کا فیصلہ کیا گیا۔

جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی نے کہاکہ ریلی کی قیادت علاقے کے نمائندے خود کرینگے، ریلی میں بانی چئیرمین کی تصویر یں اور قیدی 804 کے بینرز اٹھائے جائیں گے، ہمارے شہدا کے تصاویر بھی ریلی میں اٹھائی جائیں گی، ہر علاقے میں جہاں سے ریلی نکلے گی اورریلی کے راستوں میں دیواروں پر بانی  پی ٹی آئی کے تصویریں آوایزں کی جائیں گی۔

احتجاجی دھرنے کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جب تک لیٹر کی صورت میں ہمیں دھرنے کی کال نہیں آئے ہم نے دھرنا نہیں کرنا، اس  کی کال صرف بانی چئیرمین ہی دے سکتے ہیں، بانی پی ٹی کی سب سے زیادہ فوکس تنظیم سازی کے اوپر ہے،  شعیب شاہین کو تنظیم سازی کا کام سوپنا گیا ہے، بانی چئیرمین سے مشاورت کے بعد ہی شعیب شاہین کو تنظیم  سازی کا ٹاسک دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا سپریم کورٹ کے فیصلے پر رد عمل کا اظہار