فرح گوگی کیس میں نیا موڑ آگیا،117 بینک اکاؤنٹس ہونےکا انکشاف

Jun 06, 2023 | 12:31:PM
فرح گوگی کیس میں نیا موڑ آگیا،میاں،بیوی کے117 بینک اکاؤنٹس ہونے  کا انکشاف
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سعود بٹ)پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی دوست فرح گوگی اور شوہراحسن جمیل گجر کیخلاف تحقیقات میں نیا موڑ آگیا۔ تحقیقات میں فرح گوگی اور احسن جمیل گجر کے نام 117 بینک اکاؤنٹس ہونے  کا انکشاف ، نیب نے فرح گوگی اور احسن جمیل گجر کو 8 جون کو طلب کر لیا۔


فرح گوگی سکینڈل کی تحقیقات جاری، انکوائری میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے،فرح گوگی اور شوہراحسن جمیل گجر کیخلاف تحقیقات میں نیا موڑ، نیب نے فرح گوگی اور احسن جمیل گجر کو 8 جون کو طلب کر لیا، نیب لاہور تحقیقات میں فرح گوگی اور احسن جمیل گجر کے نام 117 بینک اکائونٹس ہونے کے انکشاف پر طلبی کا فیصلہ کیا گیا ، ملزمان کیخلاف تحقیقات کے دوران 4 فارن بینک اکائونٹس بھی منظرعام پر آگئے۔

ضرور پڑھیں :ایک سال میں حکومتی قرضوں میں 14894 ارب روپے کااضافہ ہوا، سٹیٹ بینک
بینک اکائونٹس میں بزدار دور حکومت میں مجموعی طور پر ساڑھے 4 ارب کی مبینہ ٹرانزیکشنز کا انکشاف ہوا ہے،دونوں ملزمان کے نام مجموعی طور پر ڈیڑھ ارب مالیت کی جائیدادیں بھی پائی گئیں ہیں جبکہ سال 2021 میں ملزمہ فرح گوگی نے ایف بی آر کو کل 97 کروڑ کے اثاثہ جات ظاہر کئے تھے، فرح گوگی اور شوہر کی ملکیت 10 کمپنیوں کابھی پتہ لگایا گیا ہے جو مبینہ طور پر مالی لین دین کیلئے استعمال ہوتی رہیں۔


تحقیقات میں نیب تفتیشی ٹیم نے فرح گوگی کیلئے کام کرنے والے کیش بوائے کا سراغ بھی لگا لیا،کیش بوائے  نےمجموعی طور پر 860 ملین کی کیش ٹرانسیکشن کا اعتراف  کیا ہے،جس کے شواہد نیب نے حاصل کر لئے، ریکارڈ کیمطابق فرح گوگی نے ایمنسٹی سکیم سے فائدہ اٹھاتے ہوئے 50 کروڑ وائیٹ کروائے،ذرائع کے مطابق ایمنسٹی سکیم میں 32 کروڑ مالیت زرعی پیداوار کا حصول ظاہر کیا گیا جبکہ ملزمان کی ملکیت کوئی زرعی اراضی تھی ہی نہیں۔

فرح گوگی اور احسن جمیل گجر کے اثاثہ جات میں 3 سال کے دوران مبینہ طور پر 420 فیصد اثاثہ ریکارڈ ہوا ہے،ملزمان نے 2018 سے 2021 کے دوران 1 ارب سے زائد کی جائیدادیں بھی بنائیں،  فرح گوگی اور شوہر کے نام دبئی میں ایک لگژری فلیٹ کا انکشاف بھی ہوا ہے جسے ایف بی آر میں ظاہر نہ کیا گیا،فرح گوگی و شوہر ڈفینس لاہور میں 8 جائیدادوں کے مالک نکلے جس میں کمرشل پلازہ بھی شامل ہے،بحریہ ٹائون لاہور میں کروڑوں مالیت کا 4 کنال کا پلاٹ بھی جائیداد میں شامل ہے۔


اسلام آباد کے سیکٹر F-7 میں 2 کنال کا بنگلہ ملزمان کے نام ہونے کا انکشاف ہوا ہے،معروف پراپرٹی ٹائیکون کے بیٹے کیساتھ بنی گالہ اسلام آباد میں 240 کنال اراضی کی خرید و فروخت ظاہر ہوئی ہے، ریکارڈ کے مطابق ملزمان نے مذکورہ بنی گالہ اراضی 530 ملین روپے میں حاصل کی، نیب تحقیقات میں احسن جمیل گجر اور فرح گوگی کے نام 19 گاڑیاں بھی پائی گئی ہیں،نیب لاہور نے بزدار دور حکومت میں ہونیوالی تمام غیرضروری ٹرانسفر پوسٹنگ اور ٹھیکوں کی تفصیلات بھی اکھٹی کرنا شروع کردی۔


دونوں ملزمان کیخلاف صوبائی بیوروکریسی کے تبادلوں کے عوض کروڑوں روپے بٹورنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جن پر نیب تحقیقات جاری ہیں،نیب نوٹس میں ملزمان کو 8 جون کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ،عدم تعاون کیصورت میں نیب قانون کے تحت کارروائی سےانتباہ کیا گیا ہے۔