نئی بیماری۔۔۔’’پراسرار بخار ‘‘نے100 سے زیادہ لوگوں کی جان لے لی

Sep 05, 2021 | 00:25:AM
 نئی بیماری۔۔۔’’پراسرار بخار ‘‘نے100 سے زیادہ لوگوں کی جان لے لی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک)بھار ت کی ریاست اترپردیش میں ’’پراسرار بخار ‘‘ نےاب تک 100 سے زیادہ لوگوں کی جان لے لی ۔ اترپردیش کے کئی اضلاع میں گزشتہ ایک ہفتہ سے بچوں میں پراسرار بخار کا قہر بڑھ گیا ہے ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق متاثرہ اضلاع میں لکھنو ، آگرہ ، متھرا ، مین پوری ، ایٹہ ، کاس گنج اور فیروز آباد کے نام شامل ہیں ۔ فیروز آباد کے کوشلیا نگر میں بخار سے سب سے زیادہ متاثرین ہیں ۔ متاثرین افراد میں زیادہ تر بچے ہی ہیں ۔ بتایا جارہا ہے کہ تین بالغوں کی اب تک موت ہوچکی ہے جبکہ مرنے والے بچوں کی تعداد 50 تک پہنچ چکی ہے ۔ فیروز آباد کے دیگر محلے بہاری پورم ، کشن نگر ، آصف آباد ، جین نگر ، ستیہ نگر ٹاپا اور صدامہ نگر ہیں ۔رپورٹس کے مطابق فیروز آؓباد کے سینئر ہیلتھ افسر ڈاکٹر نیتا کل شریشٹھ کہتی ہیں کہ ہسپتالوں میں مریضوں ، خاص کر بچوں کی موت کافی تیزی سے ہورہی ہے ۔ گزشتہ ہفتے 32 بچوں سمیت 40 لوگوں کی موت ہوئی ہے ۔ حالانکہ غیرسرکاری تعداد 100 سے زیادہ بتائی جارہی ہے ۔اترپردیش کے دارالحکومت لکھنئو میں بھی وائرل بخار کا قہر بڑھنے لگا ہے ۔ اس بیماری سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ فیض اللہ گنج ہے ۔ جمعہ کو یہاں 20 بچے وائرل بخار کی زد میں آئے ہیں ۔ بلرام پور ہسپتال میں روزانہ 50 سے زیادہ مریض آرہے ہیں ۔ بلرام پور ، سول ، لوہیا ، رانی لکشمی بائی ، بھاو راو دیورس سمیت دیگر ہسپتالوں کو ای پی ڈی میں بخار کے مریضوں کے آنے کا سلسلہ جاری ہے ۔

فیروز آباد اور متھرا میں بخار سے بچوں کی موت کے معاملہ کی انکوائری کیلئے بھارت کی مرکزی حکومت کی ٹیم فیروز آباد کے دورہ پر آئی ہوئی ہے ۔ ماہرین کی ٹیم فیروز آباد میں مختلف طرح کے نمونے حاصل کر رہی ہے ۔ان نمونوں کی گہرائی سے معائنہ کے بعد ہی کہا جاسکے گا کہ اتنی بڑی تعداد میں بچوں کی اموات کیوں ہوئی ہیں ۔

یہ بھی پڑھیں: واہ ۔۔ چوٹالہ نے میٹرک کا امتحان چوٹی کے نمبروں کے ساتھ پاس کرلیا