حکومت کا نئے قرض پروگرام کیلئے آئی ایم ایف سے رجوع کرنے کا فیصلہ

Mar 05, 2024 | 12:00:PM
حکومت کا نئے قرض پروگرام کیلئے آئی ایم ایف سے رجوع کرنے کا فیصلہ
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(وقاص عظیم) حکومت پاکستان نے 6 سے 8 ارب ڈالرز کے نئے پروگرام کیلئے عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ذرائع وزارت خزانہ نے بتایا کہ وزارت خزانہ نے وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر اقدامات شروع کردیے ہیں اور آئی ایم ایف سے بات چیت کیلئے فوری رجوع کیا جائے گا۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ قرض کا نیا پروگرام 6 سے 8 ارب ڈالرز کا ہوسکتا ہے اور قرض کا نیا پروگرام آئی ایم ایف کی کڑی شرائط پر ملنے کا امکان ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کیلئے شیڈول طےکیا جائے گا، آئی ایم ایف کے نئے پروگرام میں جانا ناگزیر ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ بڑھتے ہوئے قرضوں اور لیے گئے قرضوں کی ادائیگی ایک بڑا چیلنج ہے، برآمدات میں اضافے اور مقامی وسائل پیدا کرنے تک آئی ایم ایف پروگرام میں رہنا ضروری ہے، توازن ادائیگی اور ذخائر مستحکم رکھنے کیلئے آئی ایم ایف پروگرام میں جانا ہوگا، حکومت کو بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کے مزید سخت فیصلےکرنے ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیے: گورنر پنجاب نے اشیاء کی قیمتیں کنٹرول کرنے کیلئے آرڈیننس جاری کردیا

وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق بیرونی مالیاتی خطرات کا مقابلہ کرنے کیلئے مارکیٹ ایکسچینج ریٹ اہم ہے اور معاشی اصلاحات پر پیشرفت اور سخت مانیٹری پالیسی کی ضرورت ہوگی، خسارے کا شکار سرکاری اداروں میں اصلاحات درکار ہیں، ماحولیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کیلئے بھی اقدامات کرنا ہوں گے ۔

ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف کا موجودہ قرض پروگرام بھی مکمل کرنا ہوگا، آئی ایم ایف کا قلیل مدتی قرض پروگرام اپریل میں ختم ہوگا، قلیل مدتی پروگرام کے تحت دوسرا جائزہ مذاکرات ابھی ہونا باقی ہے، عالمی مالیاتی ادارے کے ساتھ دوسرے جائزہ مذاکرات رواں ماہ ہونےکا امکان ہے، موجودہ قرض پروگرام کے تحت پاکستان کو تقریبا ایک ارب 20 کروڑ ڈالرز ملنا باقی ہیں۔