غزہ میں نقل مکانی کرنے والے فلسطینیوں پر اسرائیلی حملہ، متعدد شہید

Jan 05, 2024 | 08:54:AM
غزہ میں نقل مکانی کرنے والے فلسطینیوں پر اسرائیلی فورسز کے حملے کے نیتجے میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 120 سے زائد فلسطینی جام شہادت نوش کر گئے۔ 
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) غزہ میں نقل مکانی کرنے والے فلسطینیوں پر اسرائیلی فورسز کے حملے کے نیتجے میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 120 سے زائد فلسطینی جام شہادت نوش کر گئے۔ 

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق فلسطینی علاقوں خصوصاً غزہ میں اسرائیل بمباری کا سلسلہ مستقل جاری ہے۔ اس دوران رفح میں نقل مکانی کرنے والے نہتے مظلوم اور بے گھر فلسطینیوں پر حملہ کرکے اسرائیلی فوج نے متعدد افراد کو شہید کردیا۔  اسرائیلی سنائپرز نے معصوم بچوں اور خواتین کو بھی شہید کیا، سڑکوں پر لاشوں کے ڈھیر لگ گئے، آخری سانسیں لیتے فلسطینیوں کے درد ناک مناظر نے دل دہلا دیئے، صیہونی فوج نے جبالیہ میں اقوام متحدہ کے شیلٹر پر بھی حملہ کیا۔

شمالی غزہ سے فوج نکالنے کے بعد اسرائیل نے بمباری تیز کر دی اور زیادہ شدت والے بموں کا استعمال کیا جا رہا ہے، خان یونس کے علاقے میں گھر پر بمباری سے صلاح خاندان کے 14 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے، متاثرہ گھر میں غزہ کے مختلف علاقوں کے بے گھر افراد پناہ لیے ہوئے تھے۔

مزید پڑھیں:  کراچی میں خوفناک آتشزدگی، 100 سے زائد جھونپڑیاں خاکستر

دوسری جانب اسرائیلی میڈیا لبنان کے دارالحکومت میں مقیم حماس کے رہنماؤں کو نشانہ بنانے کی تفصیلات سامنے لے آیا ہے، دعویٰ میں کہا گیا ہے کہ صالح العاروری کی لبنان میں عارضی رہائش گاہ کو اسرائیلی فوج کے جیٹ طیارے سے داغے گئے 6 گائیڈڈ میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔ یاد رہے کہ اسرائیل نے لبنان میں حماس کے نائب سربراہ صالح العاروری کی ہلاکت کو اپنی بڑی کامیابی قرار دیا تھا تاہم اس کے بارے میں تفصیلات بتانے سے گریز کیا، اسرائیلی فوج نے بس اتنا ہی بتایا کہ حماس کے سرگرم رہنما کو انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر نشانہ بنایا گیا۔

واضح رہے کہ اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی مجموعی تعداد  22  ہزار  313 ہوگئی ہے۔