پنجاب میں انتخابات: پی ٹی آئی کا امیدواروں کو فائنل کرنے کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب میں انتخابات کیلئے امیدواروں کے تعین کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
چیئرمین عمران خان کی زیرِ صدارت مرکزی قائدین کا اہم ترین اجلاس ہوا، جس میں مرکزی سیکرٹری جنرل اسدعمر، مرکزی سینئر نائب صدر فواد چودھری اور مرکزی نائب صدر سینیٹر اعجاز چودھری سمیت دیگر شریک ہوئے۔
اجلاس میں پنجاب کے امیدواروں کے تعین کا عمل ایک ہفتے میں مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں قانون کی بالادستی اور آئین کے تحفظ کیلئے وکلاء کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا جبکہ آئین و عدلیہ پر یلغار اور انتخاب کو التواء میں ڈالنے کی کوششوں کی بھرپور مزاحمت پر بھی اصولی اتفاق کیا گیا۔
عمران خان کا کارکنان سے خطاب
دوسری جانب چئیر مین تحریک انصاف عمران خان نے افطاری کے موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر ضلع سے 3 کارکنوں کا انتخاب کروں گا، منتخب کارکنوں کو ایک مخصوص نمبر دوں گا، کارکن اپنے اضلاع کے مسائل سے آگاہ کریں گے، کل سے انٹرویو شروع کر رہا ہوں، آپ کی رائے بھی انٹرویوز کے وقت ذہن میں رکھوں گا۔
انہوں نے کہا کہ حقیقی آزادی آسانی سے نہیں ملتی، آزادی پلیٹ میں رکھ کر نہیں ملتی قربانیاں دینی پڑتی ہیں، سپریم کورٹ آئین کے ساتھ کھڑی ہوئی اور نظریہ ضرورت کو رد کردیا، ایسا فیصلہ دیا جو ماضی میں عدالتیں ایسا فیصلہ نہیں کرتی تھیں، ماضی میں عدالتیں طاقتور اور نظریہ ضرورت کے ساتھ چلتی تھیں، جب قوم آئین کے مطابق فیصلے کرتی ہے تو قوم آزاد ہوجاتی ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ غلام قومیں نظریہ ضرورت کے تحت فیصلے کرتیں ہیں، ہماری جدو جہد آزادی کی جدو جہد ہے، حقیقی آزادی انصاف سے آتی ہے، آزادی کی جدو جہد کے لیے مرنے والا انسان شھید ہوتا ہے، جب آپ لوگ اپنے حلقے میں جائیں تو لوگوں کو حقیقی آزادی کی تبلیغ کریں۔
تحریک انصاف کا یوم تشکر
ادھر سپریم کورٹ کی جانب سے پنجاب میں انتخابات کے فیصلے کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے لبرٹی چوک میں یوم تشکر منایا، پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے لبرٹی چوک بلاک کر کے اظہار تشکر کیا گیا، پی ٹی آئی کارکنان کی بڑی تعداد لبرٹی چوک میں موجود تھی۔ لبرٹی چوک بلاک ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر رہی۔ پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر، یاسمین راشد، جمشید چیمہ، شیخ امتیاز، غلام محی الدین دیوان، ندیم بارہ لبرٹی چوک کارکنان کے ہمراہ تھے۔